اجے بساریہ نومبر میں نئے بھارتی ہائی کمشنر کا عہدہ سنبھالیں گے

نوید معراج  منگل 24 اکتوبر 2017
اجے بساریہ ہندی، انگریزی اورروسی زبان میں مہارت کے علاوہ وہ جرمنی اور پولش زبان بھی جانتے ہیں۔ فوٹو: فائل

اجے بساریہ ہندی، انگریزی اورروسی زبان میں مہارت کے علاوہ وہ جرمنی اور پولش زبان بھی جانتے ہیں۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: بھارت کی حکومت نے پاکستان میں ہائی کمشنرگوتم بمبانوالے کی جگہ اجے بساریہ کونیا ہائی کمشنر مقررکرنے کافیصلہ کیا ہے۔

اجے بساریہ اس وقت پولینڈ میں سفیر ہیں، گوتم بمبانوالے کو چین میں بھارت کا سفیر مقرر کیا جائے گا اور وہ 9 نومبر کو موجودہ ذمے داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

ممبئی اور دہلی میں تعلیم حاصل کرنیوالے اجے بساریہ نے 1987میں بھارتی سول سروس میں شمولیت اختیار کی۔ انھوں نے دہلی یونیورسٹی کے سینٹ اسٹیفنزکالج سے 1980-83 میں اکنامکس میں بیچلرڈگری حاصل کی اورانڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کولکتہ سے 85 میں ایم بی اے کیا جبکہ 2008-09ء میں امریکا کی پرنسٹن یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔

فارن سروس انسٹی ٹیوٹ نئی دہلی سے تربیت مکمل کرنے کے بعد اجے بساریہ نے روسی زبان میں مہارت حاصل کرنیکا انتخاب کیا، انھیں 1988-1991 تک 3 سال کیلیے ماسکو کے سفارتخانے میں تعینات کیا گیا۔ انھوں نے 1995-1999 کے دوران برلن میں بطور فرسٹ سیکریٹری خدمات سرانجام دیں۔

جرمنی سے واپسی پر انھیں بھارتی وزیراعظم کے پرائیویٹ سیکریٹری کے طور پر تعینات کیاگیا اورانھوں نے 2004تک اس عہدے پر کام کیا۔جنوری 2015 میں انھیں پولینڈ میں بھارت کا سفیر مقرر کیا گیا۔

اجے بساریہ ہندی، انگریزی اورروسی زبان میں مہارت کے علاوہ وہ جرمنی اور پولش زبان بھی جانتے ہیں اورانگریزی فکشن کے شوقین ہیں جب کہ ان کی اہلیہ ماہر ماحولیات اورلکھاری بھارتی چترویدی ہیں جوایک این جی اوچنتن کی بانی سربراہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔