رونالڈو ایک بار پھربہترین فٹبالر قرار

ویب ڈیسک  منگل 24 اکتوبر 2017

 لندن: شہرہ آفاق فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر دنیا کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

پرتگال سے تعلق رکھنے والے رونالڈو نے ارجنٹینا کے لیونل میسی اور برازیل کے نیمار کوشکست دیتے ہوئے نمبر ون فٹبالر ہونے کا اعزاز حاصل کرکے ٹرافی پر قبضہ جمالیا۔ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے رونالڈو کو سال 2017 کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔ رونالڈو کے باس اور ریال میڈریڈ کےکوچ زین الدین زیڈان کو فیفا کوچ آف دی ایئرکے اعزاز سے نوازا گیا۔

معروف ہسپانوی کلب کے اسٹرائیکر رونالڈو نے کلینڈرایئر میں 48مقابلوں میں سب سے زیادہ 44گول کرکے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔32 سالہ رونالڈو نے چیمپئنز لیگ اور لالیگا لیگ میں اپنے بہترین کارکردگی سے ٹیم کو فتوحات سے ہمکنارکیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان مخالف سابق امپائر ڈیرل ہیئر چور نکلے

لندن میں منعقدہ تقریب میں ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد رونالڈو نے مداحوں کوان کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیااور کہا کہ اس کامیابی پر وہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں،کوچ اور مداحوں کے مشکور ہیں جب کہ اس اعزازی تقریب میں لیونل میسی اور نیمار کی موجودگی میرے لیے باعث فخر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔