ہاکی ٹیم کے سابق کپتان دلبرداشتہ ہوگئے، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

میاں اصغر سلیمی  منگل 24 اکتوبر 2017
عبدالحسیم ایشیا کپ کیلئے ٹیم میں شامل نہ کیئے جانے پر سلیکٹرز سے نالاں ہیں، فوٹو:فائل

عبدالحسیم ایشیا کپ کیلئے ٹیم میں شامل نہ کیئے جانے پر سلیکٹرز سے نالاں ہیں، فوٹو:فائل

لاہور: پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کے رویئے سے دلبرداشتہ پاکستان ٹیم کے سابق کپتان عبدالحسیم خان نےانٹرنیشنل ہاکی سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا.

قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان عبدالحسیم خان بدھ کو اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کریں گے جس میں وہ ممکنہ طور پر انٹرنیشنل ہاکی کو خیرباد کہنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی نے حسیم خان کو حال ہی میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ میں قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا تھا جس پر وہ سلیکٹرز سے خاصے نالاں ہیں۔ اس حوالے سے عبدالحسیم خان کا کہنا ہے کہ میں انٹرنیشنل ہاکی کھیلنا چاہتاہوں لیکن ریٹائرمنٹ دینے کا مقصداپنا دفاع کرنا ہے۔

سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ہاکی ٹیم منیجمنٹ کی روش ایسی ہی رہی تو قومی کھیل کا نام لیوا کوئی نہ رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ پریس کانفرنس میں چیف سلیکٹر حسن سردار کی طرف سے لگائے گئے الزامات کا بھی جواب دیں گے۔ایکسپریس سے بات چیت میں عبدالحسیم خان کا اپنی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے کہنا تھا کہ وہ بدھ کو پریس کانفرنس کریں گے جس میں وہ اپنی ریٹائرمنٹ کی وجوہات سمیت متعدد اہم ایشوز پر میڈیا سے بات چیت کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔