ایل او اسی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 شہری شہید، 6 زخمی

ویب ڈیسک  منگل 24 اکتوبر 2017
پاک فوج نے جوابی کارروائی میں 4 بھارتی چوکیوں کو تباہ کردیا۔ ۔ ۔فوٹو: فائل

پاک فوج نے جوابی کارروائی میں 4 بھارتی چوکیوں کو تباہ کردیا۔ ۔ ۔فوٹو: فائل

 راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔ 

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج  نے لائن آف کنٹرول پر وادی لیپا کے نوکوٹ اور قیصر کوٹ گاؤں پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فوج کی  بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور 6 زخمی ہوگئے جب کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 4 بھارتی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچایا جس کے بعد بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے نوکوٹ گاؤں کی سمیرا یونس اور مریم شہید ہوئی  جب کہ زخمیوں میں نوکوٹ کے 5 اور قیصرکوٹ کا ایک شہری شامل ہے، زخمیوں میں شکیل، انوربیگ، منیر، ذیشان، رفیق اور نسرین شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے کولیپا آرمی میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔