خاتون چہرے اور ہاتھ سے خون نکلنے کی پراسرار بیماری میں مبتلا

ویب ڈیسک  بدھ 25 اکتوبر 2017
اٹلی کی 21 سالہ خاتون کے چہرے اور ہاتھوں سے پسینے کے بجائے خون بہتا ہے۔ فوٹو: فائل

اٹلی کی 21 سالہ خاتون کے چہرے اور ہاتھوں سے پسینے کے بجائے خون بہتا ہے۔ فوٹو: فائل

روم: اٹلی کی رہائشی خاتون ایسی پر اسرار بیماری میں مبتلا ہے جس کے چہرے اور ہاتھ سے پسینے کے ساتھ خون بھی آتا ہے۔

دنیا بھر میں آئے دن نت نئی اور مختلف نوعیت کی بیماریاں دیکھنے میں آتی ہیں جب کہ کسی بھی شخص کو زیادہ پسینہ آنے یا نہ آنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں تاہم آج تک ایسی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی جس میں کسی شخص کے چہرے سے پسینے کے بجائے خون بہتا ہو۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی کے اسپتال میں ایسا کیس سامنے آیا جہاں 21 سالہ خاتون گزشتہ 3 سال سے عجیب بیماری میں مبتلا ہے جس میں خاتون کے چہرے اور ہاتھ کی جلد سے پیسنے کے بجائے خون نکلتا ہے۔ یہ عمل اس وقت ہوتا ہے جب خاتون سورہی ہوتی ہے یا کسی قسم کی جسمانی ورزش میں مصروف ہو جب کہ اس جگہ کسی قسم کا زخم موجود نہیں اور نہ ہی ان کے خون میں کسی قسم کی خرابی پائی جاتی ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق ممکن ہے کہ یہ بیماری ہیماتھوڈیروسس بھی ہو سکتی ہے جو کہ ایک غیر معمولی بیماری ہے جس میں پسینے کی جگہ خون آتا ہے تاہم حتمی وجہ ابھی تک ایک راز ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ  خاتون کے چہرے سے خون کا اخراج اس وقت ہوتا ہے جب وہ بہت زیادہ ذہنی تناؤ کا شکار ہوتی ہے اور یہ عمل ایک سے 5 منٹ تک جاری رہتا ہے۔

خاتون کا کہنا ہے کہ وہ کسی قسم کے نفسیاتی مرض میں مبتلا نہیں اور نہ ہی اُن کے خاندان میں کسی کو اس طرح کی بیماری ہے تاہم اس بیماری کی وجہ سے وہ ہر وقت پریشانی کا شکار رہتی ہے جب کہ  وہ اپنے  دوستوں اور اہل خانہ سے بھی کٹ کر رہ گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔