عمران خان کا عام انتخابات کے التوا کی مخالفت کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 31 اکتوبر 2017
نواز شریف ایک اور این آر او کے لیے اداروں پر دباؤ ڈالیں گے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

نواز شریف ایک اور این آر او کے لیے اداروں پر دباؤ ڈالیں گے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

بنی گالہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عام انتخابات کے التوا کی مخالفت کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان نے عام انتخابات کے التوا کی مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں اور نظام مفلوج ہو چکا ہے، عام انتخابات میں التوا کے لئے کوئی قانون سازی ہوئی تو مخالفت کریں گے۔

اس سے قبل ایک اور ٹویٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا لندن گیم پلان کھل کر سامنے آ چکا ہے،  نواز شریف پارٹی پر اپنا غلبہ کرکے اداروں کو بدنام کریں گے اور جماعت کو نیب ،عدلیہ اور فوج پر دباؤ ڈالنے کے لے استعمال کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایک اور این آر او کے لیے اداروں پر دباؤ ڈالیں گے جب کہ انہیں اس کی پرواہ نہیں کہ قوم کو کتنا نقصان ہو رہا ہے،نواز شریف کو صرف لوٹ کر باہر رکھے گئے 300 ارب بچانے سے غرض ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ملک کو بنانا رپبلک بنارہے ہیں، شاہد خاقان عباسی نواز شریف کے وفادار بنے ہوئے ہیں اور قانون سے مفرور شخص کو وزیر خزانہ کے عہدے پر برقرار رکھا ہوا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔