نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، اعتزازاحسن

ویب ڈیسک  منگل 31 اکتوبر 2017

 لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالنا دوہرا معیار ہے۔

لاہور میں میڈیا سے با ت کرتے ہوئے سینیٹراعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ چئیرمین نیب محنتی اور قانون جاننے والے شخص ہیں ان  کے لئے سب سے بڑا امتحان مساوی احتساب ہے، وہ بلاامتیاز احتساب کراکر خود کو ثابت کریں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شرجیل میمن کا حال دیکھ کر نوازشریف وطن واپس نہیں آرہے

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ مقدمات میں میرٹ ہی نہیں سلوک بھی دیکھنا چاہئے، نیب سندھ اور پنجاب میں الگ الگ طرح سے کارروائیاں کررہی ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کو رینجرز کی حراست میں بھی دیا گیا جب کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل میں بھی نہیں ڈالا گیا یہ دوہرا معیارہے، نوازشریف جب بھی وطن واپس آئیں ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔