اسرائیل نے غزہ میں زہریلی گیس کا استعمال شروع کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 1 نومبر 2017
فلسطینیوں کے خلاف یہ پہلا حملہ ہے جس میں زہریلی گیس استعمال کی گئی۔ فوٹو: فائل

فلسطینیوں کے خلاف یہ پہلا حملہ ہے جس میں زہریلی گیس استعمال کی گئی۔ فوٹو: فائل

غزہ: فلسطین کے علاقے غزہ میں نہتے شہریوں پر اسرئیل کی جانب سے زہریلی گیس کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والوں کی لاشوں کے تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں ممنوعہ زہریلی گیس کا استعمال کیا اور اسرائیل کے سنگین جرائم پر بین الاقوامی برادری نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ کا اپنے بیان میں کہنا ہےکہ فلسطین میں قابض اسرائیل کی جانب سے جاری مظالم پر بین الااقوامی برادری کی مجرمانہ خاموشی معنی خیز ہے ، اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے مہلک ترین ہتھیاروں کا استعمال کیا جاتا رہا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیل کی جانب سے حملوں میں زہریلی گیس کااستعمال کیا گیا ہے۔

ادھر قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی وزارت صحت کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے غزہ میں کسی قسم کی زہریلی گیس کا استعمال نہیں کیا گیا ہے اور سرنگ میں ہلاکتوں کی وجہ وہاں موجود بارود تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز غزہ کے مشرقی علاقے خان یونس پراسرائیل نے سرنگ پربمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 8 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔