فائیو جی سروس کی تیاریاں کررہے ہیں، احسن اقبال

خصوصی رپورٹر  جمعـء 3 نومبر 2017
حکومت رواں مالی سال1لاکھ نوجوانوں کوآئی ٹی شعبے میں ٹریننگ دیگی،اجلاس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

حکومت رواں مالی سال1لاکھ نوجوانوں کوآئی ٹی شعبے میں ٹریننگ دیگی،اجلاس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ موثر منصوبہ بندی کی بدولت پاکستان میں 2013 کے بعد نہ صرف تھری جی اورفور جی کا آغاز ہوا بلکہ آج فائیو جی کی آزمائشی سروس کے آغاز کی بھی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

احسن اقبال نے پلاننگ کمیشن میں ڈیجیٹل پاکستان کے عنوان سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا مقصد نئی نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کر کے اس کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ تھری جی اور فور جی کی تیز رفتار انٹرنیٹ سروس کی بدولت آج پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا فری لانسنگ ملک بن چکا ہے۔ حکومت رواں مالی سال کے دوران ایک ارب روپے کے بجٹ کے ذریعے ایک لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں ٹریننگ دے گی۔ ہمیں پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں ایشیا کا رہنما ملک بنانا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ آج کی دنیا میں وہی قومیں ترقی کر رہی ہیں جو علم اور ٹیکنالوجی میں آگے ہیں۔ 70 سال سے پاکستان سیاسی افراتفری کی زد میں رہا، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان معاشی، سماجی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں ترقی کے راستے پر گامزن نہ ہو سکا، انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی ترجیحات کا ازسرنو تعین کیا اور ملک میں معاشی استحکام کے لیے اقدامات کیے جبکہ حکومت وژن 2025 کی روشنی میں نجی شعبے کے تعاون سے انسانی وسائل کی ترقی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کی منزل کے حصول کیلیے کوشاں ہے۔

احسن اقبال نے کہاکہ حکومت کی لیپ ٹاپ اسکیم کی بدولت آج ہمارا نوجوان بے روزگار رہنے کے بجائے اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کو ترجیح دیتا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ ہم نجی شعبے کے ساتھ مل کر ٹیکنالوجی کے مثبت اور مؤثر استعمال کو یقینی بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔