فتوحات سے لیس گرین شرٹس نے ورلڈ کپ 2019ء پر نگاہیں مرکوز کرلیں

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 3 نومبر 2017
چیمپئنز ٹرافی میں بھارت سے شکست کے بعد شاندارکم بیک میرے کیریئر کا حیران کن اور خوشگوار ترین تجربہ تھا،آرتھر۔ فوٹو:فائل

چیمپئنز ٹرافی میں بھارت سے شکست کے بعد شاندارکم بیک میرے کیریئر کا حیران کن اور خوشگوار ترین تجربہ تھا،آرتھر۔ فوٹو:فائل

 لاہور:  حالیہ فتوحات نے گرین شرٹس کے بدن میں بجلیاں بھردیں، ہیڈ کوچ اور کپتان نے ورلڈکپ 2019پر نگاہیں مرکوز کرلیں۔

پاکستان پوسٹ کی طرف سے چیمپئنز ٹرافی فتح پر جاری کیے جانے والے یادگاری ٹکٹس اور سووینیئر کی تقریب رونمائی میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، دیگر کھلاڑی بابر اعظم،حسن علی،شاداب خان، رومان رئیس، حارث سہیل، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور معاون اسٹاف،چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید سمیت بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار، برائے پوسٹل سروسز کے وفاقی وزیر سید امیر زمان بخاری اور ڈی جی روبینہ طیب شریک ہوئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح ٹیم ورک اور قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے، یادگاری ٹکٹ کا جاری کیا جانا ایک اعزاز ہے۔ اس عزت افزائی پر پاکستان پوسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کی طرف سے چیلنج قبول کرتے ہوئے پرفارم کرنا بڑا خوش آئند ہے، سخت محنت سے اپنی کارکردگی کا معیار برقرار رکھتے ہوئے فتوحات کا سفر جاری رکھنے کی کوشش کرینگے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ کپ 2019 پر نظریں مرکوز ہیں،پوری کوشش کرینگے کہ میگاٹرافی اٹھاکر وطن واپس لوٹیں اور محکمہ ڈاک ایک بار پھر یادگاری ٹکٹ جاری کرے۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز پر مشتمل قومی ٹیم ایک مضبوط یونٹ بن چکی جس کی کارکردگی میں مسلسل بہتری آتی جارہی ہے،چیمپئنز ٹرافی کے پہلے ہی میچ میں بھارت سے شکست کے بعد کھلاڑیوں نے جس انداز میں کم بیک کیا۔ ایسی مثالیں کم ہی دیکھنے میں آتی ہیں،یہ میرے کیریئر کے بھی حیران کن اور خوشگوار ترین لمحات تھے،انھوں نے کہا کہ فتح میں پاکستانی قوم کی سپورٹ نے بھی اہم کردار ادا کیا،حوصلہ افزائی کی بدولت ہر میچ سے قبل نئی توانائی ملی، پرستاروں کی جانب سے سپورٹ جاری رہی تو اگست 2019میں ورلڈ کپ جیت کر یادگاری ٹکٹ کے حوالے سے ایک اور تقریب سجا رہے ہونگے۔

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان پوسٹ نے ایک قابل قدر قدم اٹھایا،گزشتہ کچھ عرصے کے دوران گرین شرٹس نے کرکٹ کے میدانوں میں قابل فخر کامیابیاں حاصل کی ہیں،سرفراز احمد کو کپتان بنانے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت پروفیشنل انداز میں کام کرنے والے اسٹاف کو لانے کے مثبت نتائج سامنے آئے،قومی ٹیم عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون بنی،گرین شرٹس کی ون ڈے کرکٹ میں چیمپئنز ٹرافی فتح سے نیا دور شروع ہوا، اب ٹی ٹوئنٹی میں بھی ٹاپ پر جگہ بنائی، نوجوان کرکٹرز نے سفر کا شاندار آغاز کرتے ہوئے روشن مستقبل کی نوید سنائی۔

نجمی سیٹھی کا کہنا تھا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ ہیڈکوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد، کھلاڑی اور مینجمنٹ انتھک محنت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے قوم کوورلڈکپ کا تحفہ بھی دینگے۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ کارکردگی کی بدولت 1992 ورلڈکپ کی فتح کے بعد پہلی بار یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کا موقع آیا ہے، امید ہے کہ بھرپور تیاریوں کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے کھلاڑی مستقبل میں بھی اپنے پرستاروں کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔