گورونانک کے جنم دن کے موقع پر 2600 سے زائد بھارتی سکھ یاتری لاہور پہنچ گئے

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 3 نومبر 2017
پاکستان آ کر بہت خوش، امن و محبت، بھائی چارے، دوستی کا پیغام لے کر آئے ہیں، سکھ یاتری۔ فوٹو : این این آئی

پاکستان آ کر بہت خوش، امن و محبت، بھائی چارے، دوستی کا پیغام لے کر آئے ہیں، سکھ یاتری۔ فوٹو : این این آئی

 لاہور:  سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری واہگہ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے۔

بانی بابا گورو نانک کے 548 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے2600 سے زائد سکھ یاتری خصوصی ٹرینوںکے ذریعے واہگہ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے یاتریوں کا استقبال کیا۔

پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردارتارا سنگھ، ایڈیشنل سیکریٹری شرائنز طارق خان وزیر ، ڈپٹی سیکریٹری عمران گوندل، فراز عباس، پی آر او عامر ہاشمی، سردار بشن سنگھ، سردار منندر سنگھ سمیت دیگر بورڈ افسران و سکھ رہنما موجود تھے، سکھ یاتریوں کی پہلی ٹرین کی واہگہ ریلوے اسٹیشن آمد کے موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے سفیان سرفراز ڈوگر نے یاتریوں کی سہولت کیلیے چلائی جانے والی اسپیشل ٹرینوں میں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر موجود میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق نے کہا کہ بھار ت سمیت دنیا بھر سے آنے والے ہزاروں سکھوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، یاتریوں کی سیکیورٹی، رہائش، میڈیکل، لنگر اور سفری سہولتوں سمیت تمام تر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں اور اللہ رب العزت کے فضل و کرم سے تمام تر انتظامات فول پروف ہوں گے، مہمانوں کو کسی قسم کی کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔