بینک آف خیبر کو 2012 میں1.1 ارب روپے کا ریکارڈ منافع

ایکسپریس نیوز  منگل 5 مارچ 2013
غیر موافق حالات کے باوجود عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کیا، ایم ڈی بلال مصطفی   فوٹو: فائل

غیر موافق حالات کے باوجود عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کیا، ایم ڈی بلال مصطفی فوٹو: فائل

پشاور: بینک آف خیبر نے سال 2012 میں بعد از ٹیکس 1 ارب 10 کروڑ روپے کا ریکارڈ منافع کمایا جو سال 2011 کے مقابلے میں 23 فیصد زائد ہے، سال 2011 میں بینک کا منافع 87 کروڑ20 لاکھ روپے رہاتھا۔

اس امر کا اظہار منیجنگ ڈائریکٹر بینک آف خیبر بلال مصطفی نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اسلام آباد میں منعقدہ 119ویں اجلاس میں کیا، اجلاس کی صدارت چیئرمین بینک آف خیبر وایڈیشنل چیف سیکریٹری حکومت خیبر پختوانخوا عطاء اللہ خان نے کی، اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر بینک آف خیبر بلال مصطفی، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بینک آف خیبر میر جاوید حشمت، ممبر بورڈ و سیکریٹری فنانس حکومت خیبرپختوانخواصاحبزادہ سعید احمد،ممبران بورڈسجاد احمد، مقصود اسماعیل، جاوید اختر،اسد محمد اقبال اور چیف فنانشل آفیسر بینک آف خیبر راحت گل نے شرکت کی۔

بورڈ نے31 دسمبر 2012کے سالانہ حسابات کی منظوری دیتے ہوئے بینک کی ریکارڈ ترقی کو سراہا اور خصوصی طور پر سبکدوش ہونے والے منیجنگ ڈائریکٹر بلال مصطفی کے دورانیہ میں بینک آف خیبر کے مالی استحکام کی پر خلوص کوششوں کی تعریف کی۔ بینک آف خیبر کے بورڈ نے بینکاری کے شعبے میں جہاں ہمہ جہت اعتماد کا اظہار کیا وہاں فیلڈ اسٹاف اور ہیڈ آفس کی ٹیم لیڈر شپ کی بھرپور معاونت کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ بینک کا عملہ مستقبل میں بھی اپنے پیش رو کے قدم پر چلے گا اور بینک کی ترقی اور خدمات کے سلسلے میں بھرپور خدمات انجام دے گا۔

بورڈ کو سال 2012 میں بینک کے دیگر اہداف کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ بینک آف خیبر کے ڈپازٹ60 ارب روپے تک ہو گئے ہیں جو2011 میں 45ارب روپے تھے، اس سلسلے میں32فیصد اضافہ یقیناً ایک قابل قدر کاوش ہے اور بینک آف خیبر کے ملک بھر میں اپنی برانچوں کے ذریعے ایڈوانسز 29 ارب تک پہنچ گئے ہیں جو2011 کے مقابلے میں17 فیصد زیادہ ہیں، بینک آف خیبر کے اثاثہ جات 82 ارب روپے تک ہوگئے ہیں جو 2011 کے مقابلے میں20 فیصد زائد ہیں، بینک کا ادا شدہ سرمایہ 9 ارب روپے سے زائد ہوگیا ہے جو 2012 کیلیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ادا شدہ سرمائے میں اضافے کیلیے حد تھا۔

بینک کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا سبب ٹیم لیڈرشپ بالخصوص بلال مصطفی کی شب و روز محنت کا نتیجہ ہے۔ بلال مصطفی نے2013 میں بینک کی مزید برانچوں کی وسعت کے بارے میں بھی بتایا اور بینک کے مستقبل کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہاکہ خیبر پختوانخوامیں غیر موافق معاشی وسماجی حالات کے باوجود نجی اور سرکاری شعبے میں عوام الناس کا بھرپور اعتماد حاصل کیا اور ہماری خواہش ہے کہ ہر شعبہ زندگی کے لوگ بینک کی شاخوں کے توسیعی دائرہ کار سے مستفید ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔