اداکارہ میرا کا انگریزی گانا سوشل میڈیا پرمقبول

ویب ڈیسک  اتوار 5 نومبر 2017
 کچھ عرصہ قبل میرا نے ہالی وڈ سے انگریزی سیکھ کر آنے کا دعوی کیاتھا؛فوٹوفائل

کچھ عرصہ قبل میرا نے ہالی وڈ سے انگریزی سیکھ کر آنے کا دعوی کیاتھا؛فوٹوفائل

کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ میرا نے انگریزی میں گانا گاکر مداحوں کوسرپرائز کردیا جب کہ گانے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا وائرل ہوگئی۔

اسکینڈل کوئین کے نام سے مشہور پاکستانی اداکارہ میرا اپنی گلابی انگریزی اورعجیب وغریب حرکتوں کی وجہ سےآئے روز خبروں کی زینت بن جاتی ہیں۔ غلط اور ٹوٹی پھوٹی انگریزی بولنے کی وجہ سے کئی بار میرا کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مذاق کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے اور انہیں انگریزی نہ بولنے کے مشورے بھی دئیے گئے ہیں لیکن وہ میرا ہی کیا جو کسی کے مشوروں پر عمل کرلے۔ حال ہی میں میرا انگریزی میں گانا گاکر ایک بار پھر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں ۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اداکارہ میرا کو ہالی ووڈ سے بڑی پیشکش

رپورٹس کے مطابق اداکارہ میرا نے کچھ عرصہ قبل ہالی ووڈ سے انگریزی سیکھ کر آنے کا دعویٰ کیا تھا اور اب انہوں نے اپنے دعوے کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ایک تقریب کے دوران شہرہ آفاق فلم ’ٹائی ٹینک‘ کا مشہور گیت ’’مائی ہارٹ ول گون آن‘‘ گا کرسنایا۔

گانے کے دوران میرا نے ہالی ووڈگلوکارہ سلین ڈیون کا مقابلہ کرنے کی بھرپور کوشش کی اور گانے کے دوران اداکارہ کئی جگہوں پر مشکل کا شکار بھی نظر آئیں لیکن انہوں نے ہار نہیں مانی اور موبائل فون پر بول پڑھتے پڑھتے اپنے سر آزماتی رہیں اور بالآخر گاناختم کرکے دم لیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  لاس اینجلس کا دورہ کامیاب رہا، اداکارہ میرا کا دعویٰ

میرا کی اس کوشش سے یہ تو ثابت ہوگیا کہ وہ انگریزی کی جان اتنی آسانی سے چھوڑنےو الی نہیں لہٰذا ان کے مداحوں کو میرا اور ان کی گلابی انگریزی اسی طرح جھیلنی پڑے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔