انضمام الحق نے ٹی 10 لیگ خریدنے کا ارادہ تبدیل کرلیا

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 5 نومبر 2017
میرا معاہدہ مجھے ٹیم خریدنے سے نہیں روکتا اور بورڈ نے اجازت دیدی تھی، چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم ۔ فوٹو: فائل

میرا معاہدہ مجھے ٹیم خریدنے سے نہیں روکتا اور بورڈ نے اجازت دیدی تھی، چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم ۔ فوٹو: فائل

 لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹی 10 لیگ خریدنے کا ارادہ تبدیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا میں غیرضروری بحث کے بعد ٹیم نہ خریدنے کا فیصلہ کیا۔ 

لاہور میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ میں بورڈ کا ملازم نہیں صرف کنسلٹنٹ ہوں، میرا معاہدہ مجھے ٹیم خریدنے سے نہیں روک سکتا تھا، میں نے اور میرے بڑے بھائی انتظار الحق نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ٹی 10 کی ٹیم نہیں خریدیں گے، حالانکہ بورڈ نے مجھے ٹیم خریدنے کی اجازت دیدی تھی، میڈیا میں ہونے والی غیر ضروری بحث کے بعد میرے بھائی کی بھی فرنچائز خریدنے میں دلچسپی اب ختم ہوگئی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :90 کی دہائی کے بڑے نام ٹی 10 لیگ سے جڑ گئے

یاد رہے کہ انضمام الحق نے چند روز قبل دبئی میں شیڈول ٹی 10 تقریب میں شرکت کی تھی جہاں تقسیم کردہ پریس ریلیز میں انضمام الحق کا نام پنجابی لیجنڈز کے شریک مالک اور ان کے بھائی کا مالک کے طور پر تھا، خبر منظر عام پر آنے کے بعد میڈیا میں خاصی بحث بھی شروع ہوگئی، بعد ازاں سابق قومی کپتان نے چند دن قبل چیئرمین پی سی بی سے بھی خصوصی ملاقات کی جس کے بعد انہیں 2 منصوبوں پر کام کرنے کی مشروط اجازت دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔