افغانستان میں پاکستانی سفارتی اہلکار کو قتل کردیا گیا

ویب ڈیسک  پير 6 نومبر 2017
پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا، ترجمان دفتر خارجہ - فوٹو:  دفتر خارجہ

پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا، ترجمان دفتر خارجہ - فوٹو: دفتر خارجہ

کابل: افغانستان کے صوبے ننگر ہار کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے اہلکار رانا نیئر اقبال کو قتل کر دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق افغانستان میں تعینات پاکستانی سفارتی اہلکار رانا نیئر کو صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد میں اُس وقت گولیاں مار کر قتل کیا گیا جب وہ نمازمغرب کی ادائیگی کے بعد واپس گھر جارہے تھے۔ رانا نیئر اقبال قونصل خانے میں ویزہ سیکشن میں کام کر تے تھے جب کہ ان کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔

پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے سفارتی اہلکار کے قتل کی شدید مذمت کی اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان کی حکومت سے اپنے سفارتی اہلکاروں کی سیکیورٹی مزید بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔

دوسری جانب وزیرخارجہ خواجہ آصف نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے جلال آباد میں پاکستانی سفارتکار کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے افغان حکومت سے سفارتی عملے کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔