پولینڈ توانائی، زراعت و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرے، صدر ممنون حسین

نمائندہ ایکسپریس  منگل 7 نومبر 2017
پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ترقیاتی عمل میں پولینڈکی شراکت قابل تعریف ہے، صدر۔ فوٹو: فائل

پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ترقیاتی عمل میں پولینڈکی شراکت قابل تعریف ہے، صدر۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  صدر مملکت ممنون حسین نے پولینڈ کو توانائی، زراعت اور فوڈ پوسیسنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری اورمشترکہ منصوبے شروع کرنے کی پیشکش کی ہے۔

پولینڈ کی سینیٹ کے مارشل سٹینلا کارزپوسکی نے اپنے وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی، اسی دوران صدر نے پولینڈ کو توانائی، زراعت اور فوڈ پوسیسنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری اورمشترکہ منصوبے شروع کرنے کی پیشکش کی ہے اورتوقع ظاہرکی ہے کہ دونوں ممالک کے پارلیمنٹیرینز، تاجروں اور عوام کے درمیان روابط میں اضافہ باہمی تعاون اورتعلقات میں اضافے کا ذریعہ بنے گا۔ اس موقع پرچیئرمین سینیٹ رضا ربانی، سینیٹر گیان چند،پاکستان میں پولینڈکے سفیراوردیگراعلیٰ حکام بھی وجود تھے۔

صدرنے مارشل سٹینلا کاخیرمقد م کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے عوام انتہائی مہمان نواز اورپولینڈ کے بہترین دوست ہیں۔ انھوں نے مزیدکہاکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ترقیاتی عمل میں پولینڈکی شراکت قابل تعریف ہے انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پارلیمانی وفود کا تبادلہ بہت مفیدہے۔

صدرنے یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کادرجہ دلانے کے سلسلے میں تعاون پراظہارتشکرکرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کاسلسلہ جاری رہیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔