کراچی میں چھاپے کے دوران مزید ایک لاکھ سے زائد اسمگل شدہ موبائل ضبط

احتشام مفتی  منگل 7 نومبر 2017
  شارع  فیصل پر واقع 3 منزلہ عمارت سے 80ہزار موبائل فون تحویل میں لیے گئےفوٹو:فائل

شارع فیصل پر واقع 3 منزلہ عمارت سے 80ہزار موبائل فون تحویل میں لیے گئےفوٹو:فائل

 کراچی:  پاکستان کسٹمز پریونٹیو کی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے پیر کی شب 2 مختلف علاقوں میں چھاپہ مارکارروائی کرتے ہوئے مزید ایک ارب روپے سے زائد مالیت کے اسمگل شدہ کیو موبائل فون ضبط کرلیے ہیں۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ کسٹمز اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی 2 ٹیموں نے ایک خفیہ اطلاع پربیک وقت علیحدہ علیحدہ کارروائیاں کیں۔ صدر کے علاقے میں کارروائی جیمنی مارکیٹ میں کی گئی، یہاں ایک گودام پرچھاپہ مارکر تقریباً 25 تا 30 ہزار اسمگل شدہ موبائل فون برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے جبکہ دوسری کارروائی شاہراہ فیصل بلوچ کالونی پر واقع ایک 3 منزلہ عمارت میں کی گئی جہاں سے تقریباً 70 سے 80 ہزار موبائل فون برآمد کرکے تحویل میں لے لیے گئے۔ واضح رہے کسٹمز پریونٹیو اے ایس اوکی3 روزہ وقفے کے بعد انسداد اسمگلنگ کی یہ دوسری بڑی کارروائی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اب تک اے ایس او پریوینٹیو اور ڈائریکٹوریٹ کسٹمزانٹیلی جینس کی مجموعی طور پر 3 کارروائیاں کیو موبائل فون کمپنی کی جانب سے مس ڈیکلیئریشن کے ذریعے اسمگل کیے جانے والے موبائل فونز کے کنسائنمنٹس کے خلاف کی گئی ہیں۔

کسٹمز پریونٹیو اے ایس او حکام نے گزشتہ شب مذکورہ دونوں کارروائیوں میں ضبط کیے گئے موبائلز کی کھیپ کو سرکاری گودام میں منتقل کر دیا ہے جب کہ ان دونوں کارروائیوں کی انوینٹری مرتب کی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔