ودہولڈنگ ٹیکس اور متوسط طبقہ

ایڈیٹوریل  بدھ 8 نومبر 2017
حکومت کو ایسے ٹیکسز ختم کرنے چاہئیں جن کی زد میں متوسط یا غریب طبقہ آتا ہے۔ فوٹو: فائل

حکومت کو ایسے ٹیکسز ختم کرنے چاہئیں جن کی زد میں متوسط یا غریب طبقہ آتا ہے۔ فوٹو: فائل

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے موبائل بیلنس کے 100روپے والے کارڈسے ودہولڈنگ ٹیکس نہ کاٹنے کی سفارش کی ہے، گزشتہ روزکمیٹی میں دیگر امور کے علاوہ 100روپے والے موبائل کارڈ وں پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ بھی  زیر غور آیا جس میں کمیٹی کی جانب سے یہ سفارش کی گئی کہ 100روپے والے موبائل کارڈوں سے ود ہولڈنگ ٹیکس نہ کاٹاجائے،کمیٹی کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ملک بھرمیںبڑے پیمانے پرفری میں فروخت ہونے والی سمزکانوٹس لے کراس پر کارروائی کرنے تجویز بھی دی گئی۔یہ صائب تجویز ہے اور حکومت کو اس حوالے سے ضروری غور کرنا چاہیے۔

100روپے کے موبائل کارڈز پر ہی نہیں بلکہ کئی اور ایسی آئٹمز بھی ہیں جن پر ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکس عائد ہیں۔ حکومت کو ایسے ٹیکسز ختم کرنے چاہئیں جن کی زد میں متوسط یا غریب طبقہ آتا ہے۔ بجلی کے بلوں میں شامل ٹی وی فیس بھی ایک طرح سے زیادتی کے زمرے میں ہی آتی ہے‘ اسی طرح قومی بچت اسکیموں پر ودہولڈنگ ٹیکس بھی زیادتی ہے‘ وہ اس لیے کہ حکومت نے پہلے ہی منافع کم کر دیا ہے اور اس کم ترین منافع پر بھی ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنا درست پالیسی نہیں ہے‘ بہر حال100روپے والیموبائل کارڈ سے ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے سے چھوٹے صارفین کوفائدہ پہنچے گا‘ اسی طرح اگر حکومت مختلف آئٹمزپر عائد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کر دے تو عوام کو اچھا خاصا ریلیف مل سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔