عبدالقادر نے صرف لاہور میں میچز کروانے کی مخالفت کردی

بورڈحکام کمرشل میچ کرواکرعوام کوبے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں،سابق اسٹار۔ فوٹو: فائل

بورڈحکام کمرشل میچ کرواکرعوام کوبے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں،سابق اسٹار۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے صرف لاہور میں انٹرنیشنل میچز کرانے کی مخالفت کر دی۔

عبدالقادر نے گزشتہ روز نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ میری ہمیشہ سے یہی سوچ رہی کہ جب پاکستان میں مکمل طور پر امن وامان ہو جائے تو انٹرنیشنل ٹیموں کو بلانا چاہیے، اگر آسٹریلیا، نیوزی لینڈ و انگلینڈ سمیت دنیا بھر کی ٹیمیں مختلف شہروں میں آ کر کھیلیں تو یہ حقیقی معنوں میں انٹرنیشنل  کرکٹ کی بحالی ہو گی، مگر ساری قوم کے سامنے مسلسل جھوٹ بولا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پی سی بی حکام کمرشل میچ کروا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک میچ پر بے تحاشا پیسہ خرچ کر دیا گیا، اس دولت کا حساب دیا نہ ہی کسی بڑی کمپنی سے آڈٹ کرایا گیا۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ شائقین  ملک میں عالمی کرکٹ چاہتے ہیں لیکن پی سی بی کس انداز میں کرکٹ کی بحالی کر رہا ہے؟ میرا حکام سے سوال ہے کہ آخر ان لوگوں کا کیا قصور ہے جو قذافی اسٹیڈیم  کے اردگرد کاروبارکر کے اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پالتے ہیں لیکن میچ سے کئی دن قبل آپ ان کا کاروبار بند کرا دیتے ہیں، آس پاس کی بستیوں میں رہنے والے شہریوں کے گھروں تک جانے والے راستوں بلکہ آدھے سے زیادہ لاہورکو بند کرا دیتے ہیں، شہری یہ تکلیفیں بھی برداشت کرنے کیلیے تیار ہیں کہ اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پی سی بی کو یقین دہانی کرائے کہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، بھارت اور انگلینڈ سمیت دوسرے ملکوں کی ٹیمیں بھی پاکستان آئینگی۔

عبدالقادر نے کہا کہ سندھ کے وزیر اعلی مراد علی شاہ نے کراچی میں میچز ہونے کی صورت میں مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی، اس طرح کے پی کے میں بھی کرکٹ ہوتی ہے تو پرویز خٹک بھر پور تعاون کرنے کیلیے تیار ہیں، ایسے میں لاہور کے سوا دیگر شہروں میں انٹرنیشنل میچزکیوں نہیں کرائے جا رہے جب کہ پہلے کراچی اور پھر پشاور و اسلام آباد کو بھی انٹرنیشنل میچز کی میزبانی ملنی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔