ناردرن بائی پاس پر ٹرک خراب ہونے پر اسمگلر سوا 5 ٹن چرس چھوڑ کر فرار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 8 نومبر 2017
منگھوپیر پولیس کو محمد خان کالونی سے مشتبہ ٹرک کی اطلاع ملی، ٹرک پر لدے گتے کے ڈبوں سے اعلیٰ معیار کی چرس موجود تھی۔ فوٹو؛ فائل

منگھوپیر پولیس کو محمد خان کالونی سے مشتبہ ٹرک کی اطلاع ملی، ٹرک پر لدے گتے کے ڈبوں سے اعلیٰ معیار کی چرس موجود تھی۔ فوٹو؛ فائل

 کراچی:  نادرن بائی پاس سے متصل کچے کے علاقے میں کھڑے مشتبہ ٹرک سے سوا 5 ٹن اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کرلی گئی۔

منگھوپیر پولیس کو اطلاع ملی کے محمد خان کالونی ناردرن بائی پاس سے متصل کچے کے علاقے میں مشتبہ مزدا ٹرک موجود ہے جس پر گتے کے ڈبے لدے ہیں جس پر ایس ایچ او منگھو پیر حاجی ثنا اللہ نے فوری طور پر پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر ٹرک تحویل میں لے کر اس پر لدے گتے کے ڈبوں کو چیک کیا تو اعلیٰ معیار کی چرس برآمد ہوئی جس پر پولیس نے ٹرک تھانے منتقل کردیا۔

ایس پی اورنگی عابد بلوچ نے بتایا کہ ٹرک میں274 گتے کے ڈبوں میں منشیات چھپائی گئی تھی جس کا وزن سوا 5 ٹن سے زائد ہے منشیات بلوچستان سے کراچی لائی جارہی تھی جسے کسی مقام پر لے جایا جانا تھا جہاں سے منشیات بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی تاہم ناردرن بائی پاس پر ٹرک خراب ہوگیا تو ملزمان ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگئے برآمد منشیات کی قیمت کم و بیش ڈھائی ارب روپے بنتی ہے برآمد کی جانے والی منشیات جن گتے کے ڈبوں میں تھی ان ڈبوں پر کراچی سائٹ ایریا کی فیکٹری کا پتہ (ایڈریس) درج ہے جس سے لگتا ہے کہ چرس کراچی لانے کے بعد ڈبوں میں پیک کرکے کسی مقام پر لے جائی جارہی تھی۔

ایس ایچ او بلدیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد برآمد کی جانے والی منشیات عدالت میں پیش کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔