مردم شماری 2017؛ تحصیل، تعلقہ و سب ڈویژن، کنٹونمنٹ بورڈز میں آبادی کا ڈیٹا جاری

سید اشرف علی  بدھ 8 نومبر 2017
ابراہیم حیدری 10 لاکھ 46 ہزار، آرام باغ ڈویژن میں آبادی کم ہوگئی،سیاسی جماعتوں نے مسترد کر دیا۔
 فوٹو : فائل

ابراہیم حیدری 10 لاکھ 46 ہزار، آرام باغ ڈویژن میں آبادی کم ہوگئی،سیاسی جماعتوں نے مسترد کر دیا۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  ادارہ شماریات نے تحصیل ، تعلقہ وسب ڈویژن اور کنٹونمنٹ بورڈزکی مردم شماری2017ء کا ڈیٹا جاری کردیا ہے جس کے تحت خیبر پختونخوا کی 71، پنجاب 145، سندھ 138، بلوچستان  134 اور فاٹاکی48 تحصیل، تعلقہ، کنٹونمنٹ بورڈز اور سب ڈویژن کی آبادی کا تعین ہوجائے گا۔

کراچی کے6 اضلاع کی سب ڈویژن کی آبادی بھی ظاہرکردی گئی ہے جس میں سب سے زیادہ آبادی کورنگی سب ڈویژن 10لاکھ 71ہزار 560 ہے جبکہ ابراہیم حیدری سب ڈویژن کی آبادی 10لاکھ 45ہزار 815ہے، حیرت انگیر طور پر منوڑا سب ڈویژن، آرام باغ سب ڈویژن اور صدر سب ڈویژن میں آبادی 1998ء کی مردم شماری سے بھی کم ہوگئی ہے، منوڑا سب ڈویژن میں 41.31 فیصد آبادی میں کمی آئی ہے، اس سب ڈویژن میں 1998ء کی مردم شماری میں رجسٹرڈ آبادی 10, 008 تھی جبکہ2017ء کی مردم شماری میں چار ہزار134نفوس کم ہوکر آبادی 5ہزار 874رہ گئی ہے۔

آرام باغ سب ڈویژن میں 1998 کی مردم شماری میں آبادی ایک لاکھ 31 ہزار 880تھی جبکہ 2017ء میں تین ہزار 506نفوس کم ہوکر ایک لاکھ 28ہزار374 ہوگئی، صدر سب ڈویژن میں1998ء کی مردم شماری میں آبادی 42ہزار 187تھی اور2017ء کی مردم شماری میں پانچ ہزار721نفوس کم ہوکر36ہزار 366رہ گئی ہے، کراچی میں آبادی کی شرح فیصد سب سے زیادہ گلزار ہجری سب ڈویژن میں بڑھی جہاں آبادی میں539فیصد اضافہ ہوا جبکہ منگھوپیر میں 503فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کراچی کے اہم ترین تجارتی و رہائشی علاقے صدر اور آرام باغ میں آبادی کا کم ہونا ادارہ شماریات کے ڈیٹا میں شکوک و شبہات پیدا کررہا ہے، 20سال بعد ہونے والی مردم شماری کے دوران یہاں سیکڑوں رہائشی عمارتیں تعمیر ہوچکی ہیں، ان علاقوں میں آبادی بڑھنے کے بجائے کم ہونا ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ادارہ شماریات کی جانب سے ابھی تک گھروں کی تعداد اور خاندانوں کی تعداد بھی ظاہر نہیں کی گئی ہے ، جب ادارہ شماریات گھروں اور خاندانوں کاڈیٹا ظاہرکریگا تو آزادنہ طور پر اس اعدادوشمارکی تصدیق کی جاسکتی ہے جس کے بعد باآسانی پتہ چل جائیگا کہ 2017ء کی مردم شماری کس حد تک درست ہے۔کراچی میں فیصل کنٹونمنٹ بورڈ واحد کنٹونمنٹ ہے جو تین اضلاع میں تقسیم ہے، فیصل کنٹونمنٹ ضلع شرقی ، ضلع کورنگی اور ضلع ملیر میں آتاہے تاہم ادارہ شماریات نے اس کی آبادی ضلع شرقی میں ظاہرکی ہے۔اصولی طور پر تینوں اضلاع میں فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی آبادی ظاہر کرنی چاہیے تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔