سعودی عرب پر حملوں کیلیے حوثی باغیوں کو ایران میزائل فراہم کررہا ہے، امریکا

ویب ڈیسک  بدھ 8 نومبر 2017
جولائی میں سعودی عرب پر جن میزائلوں سے حملہ کیا گیا وہ ایران نے فراہم کیے تھے، امریکا۔ فوٹو : فائل

جولائی میں سعودی عرب پر جن میزائلوں سے حملہ کیا گیا وہ ایران نے فراہم کیے تھے، امریکا۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکا نے ایران پر الزام لگایا ہے کہ وہ سعودی عرب پر حملوں کے لیے یمن میں حوثی باغیوں کو میزائل فراہم کررہا ہے۔

اقوام متحدہ میں امریکی خاتون مندوب نکی ہیلی نے ایک اجلاس میں کہا کہ جولائی میں حوثی باغیوں نے یمن سے سعودی عرب پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا اور وہ میزائل ایران نے فراہم کیے تھے۔ سعودی عرب نے جومعلومات فراہم کی ہیں اس کے مطابق حوثی باغیوں نے جو ایرانی میزائل داغے تھے اس کا نام ’قیام‘ تھا، یہ میزائل یمن میں کشیدگی سے پہلے موجود نہیں تھا جب کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب حملے کے لیے استعمال ہونے والا میزائل بھی ایرانی ساختہ لگتا ہے۔

امریکا کا کہنا ہے کہ ایران حوثی باغیوں کو مدد فراہم کرکے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے لہذا اقوام متحدہ ایران کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کا پابند کرے۔

دوسری جانب سعودی ویب سائیٹ العربیہ نے ایران کے صدر روحانی کے ایک بیان کا حوالہ دیا ہے جس میں انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا ہے کہ یمنی عوام کو اپنے ملک پر بمباری کے ردعمل میں کیا کرنا چاہیے۔ کیا انھیں اپنے ہی ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔