اسموگ کے باعث حادثات میں طالبہ سمیت 11 افراد جاں بحق

نمائندگان ایکسپریس  جمعرات 9 نومبر 2017
بجلی کی ٹرپنگ، ملتان و گردونواح میں 6 ، فیصل آباد میں3 افراد جاں بحق ہوگئے
 فوٹوفائل

بجلی کی ٹرپنگ، ملتان و گردونواح میں 6 ، فیصل آباد میں3 افراد جاں بحق ہوگئے فوٹوفائل

 لاہور / فیصل آباد /  اسلام آباد:  پنجاب بھر میں گزشتہ روز بھی اسموگ کا راج رہا، حادثات میں طالبہ سمیت 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، ضلع صوابی اورمردان بھی اسموگ کی لپٹ میں آ گئے۔

اسموگ اور دھندکے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے، گجرات کے علاقے کنجاہ میں شدید اسموگ کے باعث موٹر سائیکل سوار آئی سی ایس کی طالبہ جاں بحق اور اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔ اسموگ کی شدت میں اضافہ کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر، ٹرینیں لیٹ اور موٹر وے کو بھی کئی سیکشن پر بند کیے رکھا گیا، ملک میں گزشتہ روزبھی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، گزشتہ روز بھی سینکڑوں افراد گلے اور سانس کی بیماریوں سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو کر ہسپتال پہنچ گئے، بیمار ہونے والوں میں بچوں کی شرح زیادہ ہے، دھند کے باعث شہروں میں بھی ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔

اطلاعات کے مطابق گجرات کے نواح کنجاہ میں شدید اسموگ کے باعث مزدا نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل دیا‘ سی ایس کی طلبہ جاں بحق بھائی، شدید زخمی ہو گیا، کنجاہ عید گاہ کے رہائشی محمد صدیق کا بیٹا ہنذلہ اور اس کی بیٹی حمسہ صدیق موٹر سائیکل پر سوار ہو کر گجرات کالج جارہے تھے، نارووالی کے قریب مزدا بس نے ٹکر مار دی جس کے باعث آئی سی ایس کی طلبہ حمسہ صدیق موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کا بھائی شدید زخمی ہو گیا زخمی کو ہسپتال میں داخل کروادیا گیا جبکہ بہن کو کنجاہ میں سپُرد خاک کر دیا گیا۔

نورکوٹ عیسیٰ روڈ پرٹرالر اور موٹر سائیکل میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق ۔ فیصل آباد میں اسموگ کے باعث ٹریفک حادثات کے نتیجہ میں3افراد جاں بحق ۔ گزشتہ روز ملک بھر میں بھی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ گدو ٹرانسمیشن لائن کو گزشتہ روز صبح کے وقت بحال کر دیا گیا جس پر بلوچستان اور سندھ کے علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی۔ وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری نے جامشورو پاور کمپنی میں 2 ارب 45 کروڑ نقصان پر انکوئری کا حکم دیدیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔