فاروق ستار پرانے راستے پر چل رہے ہیں، مولابخش چانڈیو

ویب ڈیسک  جمعرات 9 نومبر 2017
فاروق ستار  پرانے راستے پر ہی چل رہے ہیں اور اب بھی لسانی راستے پر ہی گامزن ہیں، مولابخش چانڈیو . فوٹو : فائل

فاروق ستار پرانے راستے پر ہی چل رہے ہیں اور اب بھی لسانی راستے پر ہی گامزن ہیں، مولابخش چانڈیو . فوٹو : فائل

حیدر آباد: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اپنی سابق سوچ سے دستبردار نہیں ہوئے وہ پرانے راستے پر ہی چل رہے ہیں۔

حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی کے نام سے ہی مفادات نظر آجاتے ہیں گزشتہ روز اس پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی گفتگو قدرے سیاسی تھی جب کہ فاروق ستار بات چیت اور چہرے سے مطمئن نظر نہیں آرہے تھے۔

مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ فاروق ستار اب تک سابقہ سوچ سے دستبردار نہیں ہوئے،وہ اب بھی پرانے راستے پر ہی چل رہے ہیں، اور اب بھی لسانی راستے پر گامزن ہیں، یہ لوگ کل بھی ایک تھے اور آج بھی ایک ہی ہیں، اس اتحاد سے کراچی کی سیاست پر ضرورکوئی اثر پڑے گا۔  پیپلزپارٹی سیاست کی زندہ حقیقت ہے اور شروع دن سے ہی پریشانیوں کا شکار ہے ہم نے کسی موقع پر ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد نہیں کیا اور آئندہ انتخابات میں بھی اتحاد کا کوئی امکان نہیں۔

رہنما پی پی نے کہا کہ نواز شریف اداروں سے تصادم چاہتے ہیں کل تک عدالت کا نام نہیں لیتے تھے اب لیتے ہیں، پاکستان کے اداروں نے اچھا کام کیا، حالات اورعوام نے نوازشریف کا ساتھ نہیں دیا اور 2018 میں ان کی نفرت کی سیاست کا بالکل خاتمہ ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کاموسم آتے ہی فضول باتیں آنا شروع ہوجاتی ہیں، کوئی سیاسی جماعت انتخابات کے التوا پر راضی نہیں ہے پاکستان کےعوام غیرجانبدار اور آزادانہ انتخابات چاہتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔