شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی ہفتہ وار رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

ویب ڈیسک  جمعرات 9 نومبر 2017
چیف جسٹس پاکستان نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں جسٹس اعجاز الاحسن کو نگراں جج تعینات کیا تھا۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس پاکستان نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں جسٹس اعجاز الاحسن کو نگراں جج تعینات کیا تھا۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: نیب نے نواز شریف اور ان کے خاندان سمیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف جاری ریفرنسز کی پیش رفت رپورٹ نگران جج کو جمع کرادی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب نے شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف جاری ریفرنسز کی پیش رفت رپورٹ نگران جج جسٹس اعجاز الاحسن کو جمع کرادی ہے۔ جمع کرائی گئی رپورٹ میں نوازشریف پر عائد ہونے والی فرد جرم اور ریفرنسز یکجا کرنے کے حوالے سے درخواست خارج ہونے کی تفصیلات شامل ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاناما فیصلے پر عملدرآمد کے لیے جسٹس اعجاز الاحسن نگراں جج تعینات

نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی پیش رفت رپورٹ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات اور اسحاق ڈار کی عدم حاضری کی تفصیلات سمیت آئندہ سماعت پر طلب گواہان کی تفصیلی رپورٹ بھی شامل ہے جب کہ عدالتی حکم ناموں کی نقول بھی رپورٹ کا حصہ بنائی گئیں ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : سپریم کورٹ نے وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیدیا

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں جسٹس اعجاز الاحسن کو نگراں جج تعینات کیا تھا جس کے بعد وہ شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں دائر ریفرنسز میں پیش رفت کو مانیٹر کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔