کلبھوشن کیس جیتنے سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، اٹارنی جنرل

ویب ڈیسک  جمعرات 9 نومبر 2017
کلبھوشن یادیو کا کیس قومی سلامتی کا معاملہ ہے،اٹارنی جنرل ۔ فوٹو:فائل

کلبھوشن یادیو کا کیس قومی سلامتی کا معاملہ ہے،اٹارنی جنرل ۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف نے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کیس جیتنے کے کتنے امکانات ہیں اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا مقدمہ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

اشتراوصاف  نے سینیٹ کے ارکان کو ان کیمرا بریفنگ دی جس میں  سینیٹرز نے ان سے وضاحت مانگی کہ بتایا جائے عالمی عدالت انصاف میں جاری کلبھوشن کیس جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ جواب میں اٹارنی جنرل نے کہا کہ ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا، بھارت کے خلاف مقدمہ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

اٹارنی جنرل نے ارکان کو بتایا کہ کلبھوشن یادیو کا کیس قومی سلامتی کا معاملہ ہے،ہمارے وکیل خاور قریشی نے کلبھوشن کیس کو عمدہ انداز میں پیش کیا جس پر عالمی عدالت نے ہماری پانچوں دلیلیں تسلیم کیں آئندہ بھی کیس کی پیروی خاور قریشی ہی کریں گے۔

سینیٹرز نے اٹارنی جنرل اشتراوصاف سے سوال کیا کہ آپ خود اس کیس کی پیروی کیوں نہیں کرتے؟ جس پر اشتراوصاف نے جواب دیا کہ اپیل کے لیے پہلی پیشی پر جانے والے وکیل خاور قریشی ہی پیش ہوں گے، عالمی عدالت کی آئندہ سماعت میں خود بھی قانونی ٹیم کے ہمراہ جاؤں گا۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی اداروں نے بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے گرفتار کیا تھا۔ کلبھوشن کو پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلانے پر فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی جس پر بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔