عماد وسیم قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سے باہر ہوگئے

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 10 نومبر 2017
آل راؤنڈر کوگھٹنے کی تکلیف کے سبب ڈاکٹرزنے1ماہ آرام کا مشورہ دے دیا۔ فوٹو : فائل

آل راؤنڈر کوگھٹنے کی تکلیف کے سبب ڈاکٹرزنے1ماہ آرام کا مشورہ دے دیا۔ فوٹو : فائل

 لاہور: عماد وسیم گھٹنے کی تکلیف کے باعث ہفتے سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت سے محروم رہیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عماد وسیم گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے، حال ہی میں پاکستان سپر لیگ  تھری کیلیے ’’کراچی کنگز‘‘ کے کپتان مقرر ہونے والے آل راؤنڈر کو ڈاکٹرز نے ایک ماہ تک آرام کا مشورہ دیتے ہوئے کسی بھی قسم کی لاپرواہی برتنے سے منع کیا ہے، جس کے باعث عماد وسیم اب قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچز باہر بیٹھ کردیکھیں گے، آل راؤنڈر 30 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری بھی کمر کی انجری کا شکار اور انھیں مکمل طور پر فٹ ہونے میں 4 سے 6 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پی سی بی نے میڈیکل کلیئرنس ملنے تک جن 4کرکٹرز کو کھیلنے سے روک دیا تھا، ان میں بابر اعظم اور رومان رئیس کے ساتھ عماد وسیم اور عثمان شنواری بھی شامل تھے جب کہ دیگر 8 کھلاڑیوں کو بھی انجریز سے محفوظ رکھنے کیلیے ہفتے سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سے قبل آرام کرنے کی ہدایت دی گئی تھی،ان میں کپتان سرفراز احمد، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، شعیب ملک، فہیم اشرف، محمد حفیظ اور فخر زمان شامل تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔