کراچی میں 10ویں عالمی ایکسپو پاکستان 2017 کا افتتاح

بزنس رپورٹر  جمعـء 10 نومبر 2017
نمائش 12 نومبرتک جاری رہے گی، وزیراعلیٰ اورگورنرسے سفیروں، تجارتی وفود کی ملاقات۔ فوٹو : ایکسپریس

نمائش 12 نومبرتک جاری رہے گی، وزیراعلیٰ اورگورنرسے سفیروں، تجارتی وفود کی ملاقات۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی:  وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت کراچی ایکسپوسینٹر میں منعقدہ 10ویں ایکسپو پاکستان 2017 کا جمعرات کو افتتاح ہوگیا۔

کراچی ایکسپوسینٹر میں منعقدہ 10ویں ایکسپو پاکستان 2017 کا افتتاح وزیر تجارت پرویزملک، اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ، گورنرسندھ محمد زبیرعمر، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مشترکہ طور پر کیا، اس موقع پر وفاقی سیکریٹری تجارت محمد یونس ڈھاگا اور سیکریٹری ٹی ڈی اے پی انعام اللہ خان بھی موجود تھے۔

ایکسپو پاکستان 2017 حکومت پاکستان کا فلیگ شپ ٹریڈ ایونٹ ہے جس میں دنیا بھر سے خریداروں اور تاجروں کو پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ ملاقات اور پاکستان میں تیار ہونے والی اشیا دیکھنے کے لیے مدعو کیا جاتا ہے، نمائش میں 70ممالک کے 775 خریداراور درآمدکنندگان شرکت کررہے ہیں جبکہ ایکسپوسینٹر کے6 ہالز میںمجموعی طور پر 540 اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں غیرملکی کمپنیوں کے اسٹالز بھی شامل ہیں،نمائش میں ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ہال نمبر4 میں اپنا مکمل پویلین قائم کیا ہے جس میں31 پاکستانی ٹاول مینوفیکچررز کے اسٹالز لگائے گئے ہیں، نمائش میں فیبرک، انجینئیرنگ، آٹوموبائل، تیارملبوسات، ریڈی میڈ گارمنٹس، ہوزری، جیولری، کاسمیٹکس، پنکھاسازی، پھل وسبزیوں سمیت دیگرتمام کاروباری شعبوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔

نمائش میں سرفہرست پاکستانی برانڈز بشمول چین ون، ستارہ ٹیکسٹائل، آہن، اسٹیٹ لائف انشورنس، پاسڈیک، پاکستان سافٹ ویئرایکسپورٹ بورڈ، بگ برڈ، جیٹرو، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور دیگر نے اپنے اسٹالز لگائے ہیں، فیشن کونسل پاکستان آمنہ عقیل، عامرعدنان، دیپک پروانی جیسے ڈیزائنرز کے ساتھ ایونٹ میں شریک ہے، تیونس، جنوبی افریقہ، آذربائیجان میں تعینات پاکستانی سفیرمذکورہ ممالک کے وفود لے کر ایکسپوپاکستان میں شریک ہوئے ہیں۔

افتتاح کے بعد وفاقی وزیرتجارت پرویزملک، اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ، گورنرسندھ زبیرعمر اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ایکسپوسینٹر میں رکھی اشیادیکھیں اور نمائش کنندگان سے ملاقاتیں کیں۔

سیکریٹری تجارت یونس ڈھاگا نے سیکریٹری ٹی ڈیپ کے ساتھ جرمنی کے میٹروگروپ ، برطانوی ہائی کمیشن اور علی بابا و چینی کمپنیوں کے علاوہ ساؤتھ افریقہ کے 28 ارکان پر مشتمل وفود سے ملاقاتیں کیں، مزید براں ایف پی سی سی آئی اور کراچی چیمبر آف کامرس سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات نے بھی مختلف وفود سے شعبہ جاتی بنیادوں پر اجلاس منعقد کیے، نمائش 12 نومبرتک جاری رہے گی۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے مختلف ممالک کے سفیروں اور تجارتی وفود نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، عالمی تجارتی امور بالخصوص زراعت کے شعبے میں مل کرکام کرنے پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں پاکستان میں ماریشس کے ہائی کمشنرمسٹر محمد راشد صوبدار نے ماریشس کی چارجڈ افیئرز نادراجین کیڈرمبرم، قازغستان کے سفیر ایرک بیسمبیو اور جارڈن کے تجارتی وفد جس میں عمان چیمبر آف کامرس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل حسام دیوکودیگر شامل تھے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ سندھ میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں اور سندھ حکومت سرمایہ کاری کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

گورنر ہائوس میں یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد سے ملاقا ت کے دوران گورنر زبیرعمر نے کہا ہے کہ پاک برطانیہ مشترکہ سرمایہ کاری ، تجارت اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ دوطرفہ مفاد اور خطے کے لیے نا گزیرہے۔ ملاقات میں پاک برطانیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے درمیان وفود کے تبادلوں اور دو طرفہ تجارت و سرمایہ کاری سمیت ایک دوسرے کو تیکنیکی معاونت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔