روہڑی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، رینجرز کی کارروائی میں 3 خودکش حملہ آور ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 10 نومبر 2017
خود کش حملہ آوروں نے دھماکا کرنے کی کوشش کی تو رینجرز نے فائرنگ کرکے انہیں ہلاک کر دیا۔ فوٹو: فائل

خود کش حملہ آوروں نے دھماکا کرنے کی کوشش کی تو رینجرز نے فائرنگ کرکے انہیں ہلاک کر دیا۔ فوٹو: فائل

روہڑی: سندھ رینجرز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے امام بارگاہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 3  دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق روہڑی میں حضرت امام حسینؓ کے چہلم پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے امام بارگاہ باب کربلا کے قریب مقابلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ رینجرز اہلکاروں نے ملزمان کو اسنیپ چیکنگ کے دوران رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی ۔

سیکورٹی اہلکاروں نے تینوں ملزمان کا تعاقب کرنے کے بعد انھیں گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ملزمان خود کش جیکٹ کو دھماکے سے اڑانے لگے، جس پر اہلکاروں نے فائرنگ کرکے تینوں ملزمان کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان کے مطابق رینجرز کو انٹیلی جنس اطلاعات ملی تھیں کہ دہشت گرد کراچی سمیت سندھ بھر میں دہشت گردی کی کارروائی کرسکتے ہیں۔

واقعے کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں رینجرز نے اسنیپ چیکنگ اور پیٹرولنگ شروع کرتے ہوئے سیکورٹی کو سخت کردیا ہے۔ رینجرز نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرکے خود کش جیکٹ کو ناکارہ بنایا جب کہ تینوں ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔