ترکی میں داعش سے تعلق پر غیرملکیوں سمیت 100 سے زائد افراد گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 10 نومبر 2017
گرفتار ملزمان داعش میں شمولیت کیلئے شام جانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے، ترک پولیس حکام فوٹو : فائل

گرفتار ملزمان داعش میں شمولیت کیلئے شام جانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے، ترک پولیس حکام فوٹو : فائل

استبول: ترکی میں سیکورٹی اہلکاروں نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں 100 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی میں انسداد دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں سو سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ترک حکام کے مطابق 1500 سے زائد پولیس اہلکاروں نے شہر کے 250 مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور 101 افراد کو گرفتار کر کے دستاویزات اور دیگر مواد اپنی تحویل میں لے لیا۔ گرفتار کئے گئے افراد پر شبہ ہے کہ ان کے عالمی دہشت گردی تنظیم داعش کے ساتھ تعلقات ہیں اور یہ لوگ داعش کا ساتھ  دینے کے لئے شام جانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ترکی میں داعش کے 50 سے زائد مبینہ جنگجو گرفتار

پولیس کے مطابق تازہ کارروائیوں میں داعش سے تعلق رکھنے کے شبہ میں  استبول سے 82 غیر ملکیوں کو حراست میں لیا گیا جب کہ جنوبی صوبے  ادانہ سے 11 شامی شہريوں اور  دیگر 7 کو ازمير سے گرفتار کيا گيا۔ پولیس نے استنبول سے حراست میں لیے گئے 82 غیر ملکی افراد کی شہريت نہيں بتائی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی دارالحکومت انقرہ ميں کئی پولیس چھاپوں ميں سو سے زائد افراد کو گرفتار کیا گيا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔