حالت جنگ میں ہیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،آئی جی بلوچستان

ویب ڈیسک  جمعـء 10 نومبر 2017
شہدا كبھی مرتے نہیں اور شہداء كی لازوال قربانیوں كو ہمیشہ یاد ركھا جائے گا، معظم جاہ انصاری ۔ فوٹو : فائل

شہدا كبھی مرتے نہیں اور شہداء كی لازوال قربانیوں كو ہمیشہ یاد ركھا جائے گا، معظم جاہ انصاری ۔ فوٹو : فائل

کوئٹہ: انسپكٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے كہا ہے كہ ہم حالت جنگ میں ہیں جب کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہمارے افسران اور جوانوں كی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے گزشتہ روز خود كش دھماكے میں شہید ہونے والے ڈی آئی جی حامد شكیل كے لواحقین سے تعزیت کی، انہوں نے شہید كے ایصال ثواب اور لواحقین كے لئے صبر و استقامت كے لئے دُعا كی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :ڈی آئی جی حامد شکیل سمیت 3 اہلکار شہید

اس موقع پر آئی جی بلوچستان کا کہنا تھا کہ تاریخ بلوچستان پولیس كی قربانیوں سے بھری پڑی ہے پولیس نے ہمیشہ دیگر قانون نافذ كرنے والے اداروں كے ہمراہ عوام كے جان ومال كے تحفظ اور اپنے فرائض كی انجام دہی كے لئے كردار ادا كیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں جب کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں ہمیں اپنے فرائض كی انجام دہی سے كوئی نہیں  روک سكتا، ہم نے عوام كے تحفظ اور امن وامان كی بہتری كے لئے قربانیاں دیں اور آئندہ بھی اپنی فرائض كی انجام دہی اسی تسلسل سے ادا كرتے ہوئے دہشت گردی كے خلاف صف اول میں رہیں گے جب کہ شہدا كبھی مرتے نہیں اور شہداء كی لازوال قربانیوں كو ہمیشہ یاد ركھا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔