موٹاپے کا شکار ماہیما آج کل کس طرح گزارا کررہی ہیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 نومبر 2017
ماضی میں کئی ایسے پروجیکٹس سائن کیے جنہوں نے میرا کیرئیر برباد کردیا؛ماہیما چوہدری؛فوٹوفائل

ماضی میں کئی ایسے پروجیکٹس سائن کیے جنہوں نے میرا کیرئیر برباد کردیا؛ماہیما چوہدری؛فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کی ماضی کی خوبصورت اداکارہ ماہیما چوہدری نے اپنا وزن بڑھنے کی وجہ بتادی ہےساتھ ہی یہ بھی بتایا ہے کہ وزن بڑھنے کے بعد وہ کس طرح گزارہ کررہی ہیں۔

ہدایت کار سبہاش گھئی کی 1997 میں ریلیز ہوئی بلاک بسٹر فلم’’پردیس‘‘سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی اداکارہ ماہیما چوہدری کاشمار بالی ووڈ کی خوبصورت اداکاراؤں میں ہوتا تھا۔اپنی پہلی ہی فلم سے کروڑوں لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والی اداکارہ ماہیما چوہدری نے متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن پردیس جیسی کامیابی حاصل نہ کرسکیں۔ ایک کے بعد ایک فلاپ فلمیں دینے کے بعد بالآخر فلمسازوں نے ان سےمنہ موڑلیاجب کہ اداکارہ نے بھی بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ماہیما چوہدری کو پہچاننا اب آسان نہیں

طویل عرصے بعد گزشتہ برس ماہیما چوہدری کی چند تصویر منظر عام پر آئی تھیں جن میں ان کے بدلے ہوئے روپ نے تمام لوگوں کو حیرت زدہ کردیا تھا۔ یہ تصاویران کے مداحوں پر بجلی بن کر گری کیونکہ ان  میں ماہیما نہ صرف موٹاپے کا شکار ہوچکی تھیں بلکہ بڑھتی عمر کے اثرات بھی ان کے چہرے پر عیاں تھے ۔ تصاویر منظرعام پرآنے کے بعد ماہیما نے ان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم اب ان کا موقف سامنے آیا ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران ماہیما چوہدری نے اپنی وائرل ہونے والی تصاویراوراپنے اوپر ہونے والے ظلم کی داستان سناتے ہوئے کہا کہ اس انڈسٹری میں بڑی عمر کی اداکاراؤں کے لیے کوئی کام نہیں ہے اوراگر بمشکل ہمیں کام ملتا بھی ہے تو کردار اچھا نہیں ہوتا یہی وجہ ہے کہ میں نےانڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور گھر بیٹھ گئی جس کے بعد میرے وزن میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔

اداکارہ نے کہامیں ایک سنگل مدر ہوں اور اپنی بیٹی کی پرورش خود کررہی ہوں لہٰذا مجھے پیسوں کی ضرورت ہے ۔تاہم  ایک بچے کے ساتھ فلموں میں کام کرنا بے حد مشکل ہے کیونکہ آپ کو بہت سارا وقت دینا پڑتا ہے لہٰذا میں نے چھوٹے موٹے شوز میں بطورجج کام کرنا شروع کردیا اس کے علاوہ مختلف فنکشنز کی افتتاحی تقریبات میں ربن کاٹنے کاکام بھی کرتی رہی اس طرح مجھے گزر بسر کرنے کے لیے کم وقت میں جلدی پیسے مل جاتے تھے۔

اداکارہ نے نہایت جذباتی انداز میں اپنی ناکامیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے اس دورمیں جب میں پیچھے مڑکردیکھتی ہوں تو محسوس ہوتا ہےکہ میں نے کچھ ایسے پروجیکٹس سائن کیے تھے جنہوں نے میرا کیرئیر برباد کردیا۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ ڈیبیو کرنے والی اداکارہ ماہیما چوہدری نے فلم’داغ‘، ’دھڑکن‘اور’باغبان‘ جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، تاہم ان فلموں میں انہوں نے ثانوی کردار نبھایا تھا جنہوں نے ان کے کیرئیر کو آگے بڑھانے میں کوئی مدد نہیں کی۔ ماہیما گزشتہ برس’ڈارک چاکلیٹ‘ نامی فلم میں نظرآئی تھیں لیکن یہ فلم بھی باکس آفس پر کوئی کمال نہ دکھا سکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔