مصطفیٰ کمال نے سیاسی اتحاد کا موقع ضائع کردیا، فیصل سبزواری

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 نومبر 2017
 اگر مصطفیٰ کمال یہ سمجھتے ہیں کہ ہم اپنی شناخت چھوڑ دیں گے تویہ نہیں ہوسکتا۔ فیصل سبزواری:۔ فوٹو : فائل

اگر مصطفیٰ کمال یہ سمجھتے ہیں کہ ہم اپنی شناخت چھوڑ دیں گے تویہ نہیں ہوسکتا۔ فیصل سبزواری:۔ فوٹو : فائل

کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ ہم نے سیاسی اتحاد کی شروعات کے لئے قدم اٹھایا تھا لیکن پی ایس پی کے چئیرمین مصطفیٰ کمال نے یہ موقع ضائع کردیا۔

کراچی میں ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمرا میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہم نے 5 نومبر کو مردم شماری میں زیادتی اور اپنے کارکنان کی ماورائے عدالت قتل اور گمشدگی کے خلاف جلسہ کیا اور فیصلہ کیا کہ کراچی کی خوشحالی  کے لئے  تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے اور اتحاد کی دعوت دیں گے جس کی شروعات پاک سرزمین پارٹی سے کی لیکن پی ایس پی کے چئیرمین مصطفیٰ کمال نے بہت ہی قیمتی موقع ضائع کردیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فاروق ستارکی خواہش پر اسٹیبلشمنٹ نے ملاقات کروائی

فیصل سبزواری کا  کہنا تھا کہ ہم سندھ کی ترقی کے لئے سیاسی اتحاد کی پیشکش پر قائم ہیں اور مستقبل میں بھی یہ کوششیں جاری رہیں گی لیکن ایم کیوایم پاکستان نا کسی جماعت میں ضم ہوئی ہے اور نا ہی آئندہ ہوگی اگر مصطفیٰ کمال یہ سمجھتے ہیں کہ ہم اپنی شناخت چھوڑ دیں گے تویہ نہیں ہوسکتا۔

رہنما ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے ہماری جماعت کے سربراہ سمیت دیگر کو بھی نشانہ بنایا جس کا جواب باری باری دیں گے لیکن مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں نے میڈیا کو خبریں لیک کیں، میں چیلنج کرتا ہوں اور کہتا ہوں کہ مصطفیٰ کمال، متعلقہ صحافی اور میرے موبائل کا فرانزک ٹیسٹ کرالیا جائے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، ان کے بھونڈے الزامات سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن ان کے بیانات سے ہمارے ناراض کارکنان اور رہنما باہم شیر و شکر ہوگئے ہیں۔

فیصل سبزواری  کا کہنا تھا کہ ہمیں سب پتہ ہے کہ مصطفیٰ کمال دبئی نجی کام کے سلسلے میں نہیں بلکہ ایک شخص سے ملاقات کے لئے گئے تھے جس پر مختلف نوعیت کے الزامات ہیں اور پاکستان کو مطلوب ہے لیکن ہم کسی پر الزامات نہیں لگانا چاہتے جب کہ پی ایس پی کے بیشتر کارکنان ہمارے رابطے میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔