سندھ کے میڈیکل کالجز میں داخلے کے این ٹی ایس ٹیسٹ کے نتائج منسوخ

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 نومبر 2017
سندھ حکومت نے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کو منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ ٹیسٹ لینے کا اعلان کردیا۔ فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کو منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ ٹیسٹ لینے کا اعلان کردیا۔ فوٹو: فائل

 کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر کے میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے این ٹی ایس ٹیسٹ کے نتائج منسوخ کردیے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مشاورت کے بعد میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے لیے گئے این ٹی ایس ٹیسٹ کے نتائج منسوخ کردئیے۔ حکومت نے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کی منسوخی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کرتے ہوئے داخلوں کے لیے دوبارہ ٹیسٹ لینے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ این ٹی ایس نے گزشتہ ماہ سندھ بھر کے میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے ٹیسٹ لیے تھے تاہم این ٹی ایس کے خلاف پرچہ آؤٹ ہونے سمیت مختلف الزامات لگائے گئے اور اس کی شفافیت پر اعترضات اٹھائے جب کہ طلبہ و طالبات نے بھی این ٹی ایس کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی۔

مراد علی شاہ نے  اگلے 15 روز میں ڈاؤ میڈیکل کالج کی انتظامیہ کو دوبارہ ٹیسٹ لینے کا حکم دیتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔