ویسٹ انڈیز کی ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی، چیئرمین پی سی بی

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 11 نومبر 2017
پہلا میچ 29، دوسرا 31 مارچ کو کھیلا جائے گا اور تیسرے مقابلے میں دونوں ٹیمیں یکم اپریل کو آمنے سامنے ہونگی، نجم سیٹھی ۔ فوٹو: فائل

پہلا میچ 29، دوسرا 31 مارچ کو کھیلا جائے گا اور تیسرے مقابلے میں دونوں ٹیمیں یکم اپریل کو آمنے سامنے ہونگی، نجم سیٹھی ۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آئندہ سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کرے گی جب کہ دیگر ملکوں کی ٹیمیں بھی پاکستان آنے کے لئے تیار ہیں لیکن ابھی ان کے نام نہیں بتاسکتا۔

قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ دیگر مصروفیات اور اسموگ کی وجہ سے کیریبیئنز کی رواں ماہ لاہور میں میزبانی نہیں کرسکے، تاہم دونوں ملکوں میں مسلسل 5 سال تک 2 طرفہ سیریز کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس دوران ویسٹ انڈیز کی مکمل ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی جب کہ گرین شرٹس جوابی ٹور میں اپنے میچز امریکا میں کھیلیں گے، مارچ کا وقت ہمارے اور کیریبیئنز دونوں کے لئے موزوں ہے، پہلا میچ 29، دوسرا 31 مارچ کو کھیلا جائے گا جب کہ تیسرے مقابلے میں دونوں ٹیمیں یکم اپریل کو آمنے سامنے ہونگی، مہمان کرکٹرز 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے بعد آئی پی ایل کے لئے پڑوسی ملک بھارت روانہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ملکوں کی ٹیمیں بھی پاکستان آنے کے لئے تیار ہیں لیکن ابھی ان کے نام نہیں بتاسکتا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔