امریکا میں تربوز نے ایک شخص کو 75 لاکھ ڈالر کا معاوضہ دلوا ڈالا

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 نومبر 2017
امریکی عدالت نے سپر اسٹور کو مذکورہ شخص کو 75 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا، فوٹو: فائل

امریکی عدالت نے سپر اسٹور کو مذکورہ شخص کو 75 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا، فوٹو: فائل

منٹگمری: امریکا میں عدالت نے وال مارٹ انتظامیہ کو تربوز خریدنے کے دوران زخمی ہونے والے شخص کو 75 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

امریکی ریاست الباما میں واقع دنیا کے معروف ترین سپر اسٹور ’’وال مارٹ ‘‘کے اسٹور میں شاپنگ کے دوران یہ واقعہ پیش آیا جہاں ایک سابق فوجی شاپنگ کے دوران ٹھوکر کھا کر گرا اور زخمی ہوگیا بعدازاں اس نے اسٹور انتظامیہ پر 7.5ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا اور اب عدالت نے اس کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست الباما کے شہر فینکس سٹی میں جون 2015ء میں پیش آیا تھا جس میں 59 سالہ سابق فوجی ہنری واکر خریداری کے لیے ریاست الباما میں واقع سپر اسٹور وال مارٹ میں داخل ہوا اس نے اسٹور پہنچ کر ایک خانے سے تربوز اٹھایا جہاں اس کا پاؤں لکڑی کے بنے  خانے میں پھنس گیا جس کی وجہ سے وہ نیچے اس قدر زور سے گرا کہ اس کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی۔

حادثے کے بعد ہنری نے وال مارٹ کو لوگوں کے لیے غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے انتظامیہ پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا،جج نے  واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی اور اسٹور انتظامیہ کو ہنری کو 7.5 ملین ڈالر زرتلافی ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیصلہ دیا کہ متاثرہ شخص اپنی جگہ درست ہے ۔

دوسری جانب وال مارٹ انتظامیہ کے ترجمان نے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے  مایوسی ہوئی جب  کہ ہرجانے کی متعین کردہ رقم نقصانات کی پیش کردہ حقیقت سے کہیں زیادہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔