زہری اور مشتری کل ایک دوسرے کے پاس سے گزریں گے

ویب ڈیسک  اتوار 12 نومبر 2017
دونوں ستاروں کے ملنے کا منظر سورج طلوع ہونے سے ایک گھنٹہ قبل شروع ہوگا۔۔فوٹو:فائل

دونوں ستاروں کے ملنے کا منظر سورج طلوع ہونے سے ایک گھنٹہ قبل شروع ہوگا۔۔فوٹو:فائل

ڈبلن: نظام شمسی کے دو چمکدار سیارے زہرہ اور مشتری کل ایک دوسرے کے قریب سے گزریں گے اور ایک موقع پر دونوں ایک ہی بڑے روشن ستارے کی طرح نظر آئیں گے۔

نظام شمسی میں موجود سیارے زہرہ اور مشتری کل سورج طلوع ہونے سے قبل ایک دوسرے کے قریب آجائیں گے اور انہیں باآسانی  آسمان پر دیکھا جاسکے گا۔ یہ خوبصورت نظارہ دنیا بھر میں کیا جاسکتا ہے۔ ویسے تو خلاء میں دونوں سیاروں کا آپس میں فاصلہ لاکھوں میل ہے لیکن دونوں اجرام اس طرح سیدھ میں آ جائیں گے کہ آسمان پر یوں لگے گا جیسے دونوں ایک دوسرے سے محض چند ڈگری کے فاصلے پر ہوں۔

زہرہ اور مشتری کے ایک ساتھ ہونے کا خوبصورت منظر 13 نومبر بروز پیر کو سورج طلوع ہونے سے قبل مشرقی وسطیٰ کے آسمان پر دیکھا جاسکتا ہے۔ دونوں سیارے بہت قلیل وقت کےلئے ایک ساتھ دیکھے جائیں گے۔

ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ زہرہ اورمشتری کو ایک ساتھ دیکھنے کا خوبصورت منظر مضافاتی علاقوں میں بہتراندازمیں دیکھا جاسکتا ہے جہاں فضائی آلودگی کم سے کم ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دونوں سیارے پہلے ہی بہت چمکدار ہیں اور ایک دوسرے سے بہت زیادہ قریب ہونے کی وجہ سے ان کی روشنی میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔ ماہرین فکلیات نے عوام کو آگاہ کیاہے کہ روشن ستاروں کو دوربین کے استعمال کے بغیر بھی دیکھا جاسکتا ہے لیکن قدرت کے اس حسین منظر سے لطف اندوز ہونے کےلئے دوربین کا استعمال کرکے دونوں چمکدار ستاروں کو واضح انداز میں دیکھا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔