نوازشریف کے ساتھ اور بھی بہت سارے پکڑمیں آنے والے ہیں، پرویزخٹک

ویب ڈیسک  اتوار 12 نومبر 2017

نوشہرہ: وزیراعلی خیبرپختونخواہ پرویزخٹک نے کہا ہے کہ عمران خان نے چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف جہاد شروع کیا جبکہ صرف نوازشریف ہی نہیں بلکہ اوربھی بہت سارے پکڑ میں آنے والے ہیں۔

نوشہرہ میں وزیراعلی خیبرپختونخواہ پرویزخٹک نے میروبی ڈیم کا افتتاح کیا اورنوشہرہ میں ہی مزید 10 ڈیم بنانے کا اعلان بھی کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلی کے پی کے نے کہا کہ مجھے تباہ و برباد رشوت سے بھرا ہوا صوبہ ملا، پولیس کا محکمہ بھی تباہ و برباد تھا، لیکن ہم نے 30 ارب روپے پرائمری اسکولز کودئیے، 20 ہزارکے قریب اسکولوں کو اپ گریڈ کیا، بنیادی تعلیم انگریزی میڈیم میں کردی، آج کے پی کے اسپتالوں میں 8 ہزارڈاکٹرز ہیں، 14 لاکھ صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جب کہ 10 لاکھ کارڈ مزید تقسیم کریں گے، ہم نے پولیس کو غیرسیاسی بنایا، پولیس تھانے میں بدمعاشی نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لئے ہوتی ہے۔

وزیراعلی پرویزخٹک نے کہا کہ عمران خان نے چوروں اورڈاکوؤں کے خلاف جہاد شروع کیا اوراکیلا نوازشریف نہیں اوربھی بہت سارے پکڑ میں آنے والے ہیں۔ پرویزخٹک نے کہا کہ جس طرح کی قوم ہوتی ہے اس طرح کا لیڈرہوتا ہے، اے این پی کو توفیق نہیں ہوئی کہ وہ صوبے کی عوام پر پیسے لگاتی، میں 35 سال سے ان ڈاکوؤں اورلٹیروں کو جانتا ہوں، عوام کو اپنے اندرتبدیلی لانی ہوگی، ہم رشوت کے خلاف ہیں اور سابقہ ادوار کے برعکس تحریک انصاف کی حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے۔

پرویزخٹک نے کہا کہ ملک کے کارخانے اور قومی ائیرلائن تباہ حال ہیں، وزیراعظم شاہد خاقان کی اپنی ایئرلائن فائدے میں ہے لیکن پی آئی اے خسارے میں جارہی ہے، ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے قرضہ لیا ہے جس سے تمام اہم روڈ جلد مکمل کئے جائیں گے، ملک میں تین تعلیمی نظام ہوں تو ترقی کیسے ہوگی اور کس طرح غریب بچے امیروں کا مقابلہ کرسکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔