سلور اسکرین پر کامیابی کے باوجود ماڈلنگ نہیں چھوڑوں گی، صدف کنول

قیصر افتخار  پير 13 نومبر 2017
نئی فلموں اورٹی وی سیریلز میں کام کی آفرز بھی ہورہی ہیں، انٹرویو۔ فوٹو فائل

نئی فلموں اورٹی وی سیریلز میں کام کی آفرز بھی ہورہی ہیں، انٹرویو۔ فوٹو فائل

لاہور: معروف ماڈل صدف کنول نے سلوراسکرین پر شاندار انٹری کے باوجود فیشن انڈسٹری نہ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

صدف کنول نے ’’ایکسپریس‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بڑی اسکرین پرکام کرنے کی خواہش بڑی دیرینہ تھی اور اس خواہش کوپوری کرنے کے لیے ماڈلنگ کے دوران ہی آفرزکا سلسلہ جاری تھا لیکن میں نے پہلے مرحلے میں اپنا فوکس صرف ماڈلنگ پررکھا اوربڑی محنت کے ساتھ ایک منفرد پہچان بنائی۔ اس دوران بہت سی سینئرماڈلز کے ساتھ کام کا موقع ملا اوران سے بھی بہت کچھ سیکھا۔ اسی تجربے کی بدولت مجھے فلم ’’بالو ماہی‘‘ میں ایک اہم کردارملا اورپھرجب شوٹنگز کا آغاز ہوا توہم نے ملک کے مختلف حصوں میں جاکر اپنا کام عکسبندکروایا۔

ماڈل نے کہا کہ فلم کی کاسٹ میں میرے مدمقابل اداکارعثمان خالد بٹ تھے، جن کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت شانداررہا۔ مجھ سمیت فلم کی کاسٹ میں شامل تمام لوگوں نے بہترین کام کیااوراس کا رسپانس سینماگھروں میں فیملیز کی آمد کی شکل میں دکھائی دے رہا ہے۔

صدف کنول نے کہا کہ اس وقت ہمارے ہاں اچھی اورمعیاری فلمیں بنائی جارہی ہیں اورلوگ اپنی فیملیز کودوبارہ سے سینماگھروں میں لارہے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ فلم کی کہانی، میوزک، لوکیشنز اور نئے چہروں کے علاوہ سینما گھروں میں جدت بھی ہے۔ سینما گھروں کا ماحول انتہائی تبدیل ہوچکا ہے اوراب یہاں فیملیز آنا پسند کرتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صدف کنول نے کہا ہے کہ میرے پاس آج جومقام اورشہرت ہے، وہ سب فیشن انڈسٹری کی بدولت ہے، اس لیے آئندہ پانچ برس تک فیشن انڈسٹری کوچھوڑنے کا تصوربھی نہیں کرسکتی۔ اس لیے میں مستقبل میں فیشن کے ساتھ ایکٹنگ کے شعبے میں بھی کام جاری رکھوں گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔