کم آمدن افراد کیلیے رہائشی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

حسیب حنیف  پير 13 نومبر 2017
کامیابی پرپورے ملک میں کم لاگت مکانات بنیں گے، پی ایچ اے فاؤنڈیشن عمل کرائے گی۔ فوٹو: فائل

کامیابی پرپورے ملک میں کم لاگت مکانات بنیں گے، پی ایچ اے فاؤنڈیشن عمل کرائے گی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ملک بھر میں کم آمدن والے افراد کے لیے وزیراعظم پروگرام کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے رہائشی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ملک بھر میں کم آمدن افراد کے لیے رہائشی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس رہائشی منصوبے پر وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ماتحت ادارے پی ایچ اے فاؤنڈیشن عملدرآمد کرائے گی جس کے لیے پی ایچ اے فاؤنڈ یشن نے ملک بھر سے اپارٹمنٹس اور ہاؤسنگ سکیم منصوبے کو جوائنٹ وینچر کے طور پر شروع کرنے کے لیے نجی فرموں سے درخواستیں بھی طلب کر لی ہیں۔

اس جوائنٹ وینچر ہاؤسنگ سکیم کے لیے پی ایچ اے فاؤنڈ یشن کی جانب سے پہلے مرحلے میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہاؤسنگ پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گاپی ایچ اے فاؤنڈ یشن نے کثیر المنزلہ اپارٹمنٹس کے لیے100کنال اور ہاؤسنگ سکیم کے لیے 700کنال اراضی اپنے نام رکھنے والی کمپنیوں کے تعاون سے جوائنٹ وینچر قائم کرنے والے ڈویلپرز اور کنٹریکٹرز سے درخواستیں بھی طلب کر لی ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایچ اے فاؤنڈیشن کا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اس نوعیت کا یہ پہلا منصوبہ ہے، ذرائع کے مطابق پی ایچ اے فاؤنڈ یشن نے سی ڈی اے کی جانب سے زمین کی عدم دستیابی پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وزیر اعظم پروگرام کے تحت کم آمدن والے لوگوں کے لیے شروع کی جانے والی یہ ہاؤسنگ سکیم زمین کے حصول میں رکاوٹ یا کسی اور وجہ سے تاخیر کا شکار نہ ہو۔

پی ایچ اے فاؤنڈ یشن ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے نو پرافٹ نو لاس کی بنیاد پر شروع کیا جائے گا جس میں 50فیصد اپاڑٹمنٹس سرکا ری ملا زمین اور 50فیصد پرائیویٹ کوٹہ رکھا جائے گا جب کہ پی ایچ اے فاؤنڈ یشن کو وزیر اعظم پروگرام کے تحت کم آمدن رہائشی سکیم کے لیے فرموں کی جا نب سے تجا ویز دی جائیں گی جس کے بعد اس منصوبے کے لیے موزوں پر پوزل کو فائنل کر کے منصوبے کو ختمی شکل دی جائے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔