کوئٹہ میں بارش اور زیارت میں برفباری سے سردی میں اضافہ

ویب ڈیسک  پير 13 نومبر 2017
کوئٹہ اور گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ اور گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ: شہر اور گردونواح کے علاقے میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور زیارت میں برفباری سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ سردی میں اضافے کے ساتھ ہی شہر کے مختلف حصوں میں سوئی گیس کے پریشر میں کمی ہوگئی ہے جس کے باعث شہریوں کو سخت مشکل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

دوسری جانب  بلوچستان سے ملحقہ علاقے چمن، پشین، زیارت، قلعہ عبداللہ، گلستان، میزئی اڈا، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، برشور، سرانان، اور یارو میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے جس کے بعد شہری علاقوں میں چھائی دھند اور اسموگ ختم ہوجائے گی ۔ جب کہ پیر کے روز سندھ میں چند مقامات پر اور پیر سے بدھ تک خیبر پختون خوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیراور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔