بیوٹی ٹپس

سحرش پرویز  پير 13 نومبر 2017
رات سونے سے پہلے تھوڑا سا ارنڈی کا تیل اپنی بھنوؤں پہ لگائیں۔  فوٹو: فائل

رات سونے سے پہلے تھوڑا سا ارنڈی کا تیل اپنی بھنوؤں پہ لگائیں۔ فوٹو: فائل

بھنوؤں اور سر کے بالوں کو گھنا کرنے کے لیے :

رات سونے سے پہلے تھوڑا سا ارنڈی کا تیل اپنی بھنوؤں پہ لگائیں۔ ارنڈی کے تیل کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ بالوں کو گھنا کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں چمک پیدا کرتا ہے اور انھیں ریشم جیسے نرم و ملائم بناتا ہے ۔ارنڈی کے تیل کو اپنے سر کے بالوں میں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ تھوڑی سی مقدار میں اپنی انگلی کی پوروں کی مدد سے سے کی جڑوں پہ اس تیل کو لگائیں۔اس سے بال گھنے ،چمک دار اور ملائم ہو جائیں گے اور ان کا گرنا بھی کم ہوگا۔

جھریوں کے خاتمے کے لیے :

انڈے کی سفیدی، پھٹکری کا سفوف، زیتون کا تیل ،گلاب کا عرق ، پسی ہوئی ملتانی مٹی، صندل کی لکڑی ، کینو کے چھلکوں کا سفوف،یہ تمام اجزاء ہم وزن لے کر آپس میں ملالیں۔ پندرہ منٹ کے لیے چہرے پہ لگائیں پھر ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو لیں۔ اس مکسچر کو ہفتے میں ایک سے تین بار استعمال کریں۔ جھریوں سے جلد ہی چھٹکارا مل جائے گا ۔اس کے علاوہ شہد لگانے سے بھی جھریوں سے نجات مل سکتی ہے ۔شہد میں انڈے کی سفیدی اور ایک چمچ میدہ ملاکر پندرہ منٹ تک چہرے پہ لگا رہنے دیں، پھر نیم گرم پانی سے منہ دھو لیں ۔

سیاہ ہونٹوں کے لیے:

ہونٹ خوب صورتی میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ خواتین گلابی ہونٹوں کی خواہش کر تی ہیں۔  اگر آپ کے ہونٹ سیاہ ہیں تو پریشان ہونے کی چنداں ضرورت نہیں۔ لیموں کے چھلکے کے اوپر تھوڑی سی چینی چھڑک کے ہونٹوں پہ رگڑیں۔ یہ عمل چند ہفتوں تک کریں،ہونٹ گلابی ہو جائیں گے۔اس کے علاوہ گلاب کی پتیوں کو دودھ میں ملا کر پیس لیں۔ اس میں آدھا چمچہ شہد اور چٹکی بھر زعفران شامل کرلیں۔ اس آمیزے کو پندرہ منٹ کے لیے ہونٹوں پہ لگا رہنے دیں ۔ جلدی نتائج کے لیے دن میں دو بار اس عمل کو دہرائیں ۔اس کے علاوہ تھوڑا سا زیتون کا تیل رات سونے سے پہلے اپنے ہونٹوں پہ لگائیں اور ہلکا سا مساج کریں ۔یہ بھی ہونٹوں کی خوب صورتی میں اضافہ کرتا اور انھیں گلابی بناتا ہے۔

بلیک ہیڈز سے چھٹکارا:

بلیک ہیڈز بھی خواتین کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے ۔ انھیں فیشل کے ذریعے صاف کروا کے کچھ وقت کے لیے جان چھڑائی جا سکتی ہے مگر خواتین ان سے دائمی نجات چاہتی ہیں ۔اس کے لیے ایک چمچہ جیلیٹن پاؤدر میں ایک سے دو چمچے دودھ ملالیں۔ اس مکسچر کو پندرہ سیکنڈ کے لیے اوون میں گرم کر لیں اور پھر چہرے پر لگائیں۔ پندرہ منٹ کے بعد چہرہ دھولیں۔

ہاتھوں اور پاؤںکی خوب صورتی کے لیے :

گلاب کا عرق،لیموں کا رس اور گلیسرین مکس کر کے پاتھوں پہ لگائیں۔ ہاتھ نرم اور صاف ہو جائیں گے ۔یہ ہاتھوں کے لیے بہترین لوشن ہے ۔سنگترے کے چھلکے ہاتھوں،پیروں اور کہنیوں پر ملیں پھر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں ۔اس سے رنگ بھی صاف ہو جائے گا اور ہاتھ پیر نرم و ملائم بھی ہو جائیں گے۔اس کے علاوہ جو کا آٹا ، بیسن اورہلدی کا پیسٹ بنا کے ہاتھوں اور پیروں پر لگائیں، رنگ نکھر جائے گا ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔