اب آپکی فیس بک پروفائل تصویر غم اور خوشی ظاہر کرسکے گی

ویب ڈیسک  بدھ 15 نومبر 2017
فیس بک کمپنی بہت جلد آپ کی پروفائل تصویر پر احساسات میں اضافہ کرسکے گی۔ فوٹو: فائل

فیس بک کمپنی بہت جلد آپ کی پروفائل تصویر پر احساسات میں اضافہ کرسکے گی۔ فوٹو: فائل

تل ابيب: ہالی ووڈ کی مشہور زمانہ ہیری پوٹر فلم سیریز میں آپ نے جذبات ظاہر کرنے والی پورٹریٹ تصاویر دیکھی ہوں گی جو صورتحال کے لحاظ سے غم ، خوشی، حیرت اور مایوسی کو ظاہر کرتی ہیں اور اب عین یہی کام آپ کی فیس بک پروفائل تصویر بھی کرسکے گی۔

اسرائیلی کی تل ابیب یونیورسٹی سے منسلک انجنئیر ہیڈر ایوربوخ ایلور اور ان کے ساتھیوں نے فیس بک کے اشتراک سے ایک خصوصی ٹول تیار کیا ہے۔ جو آپ کی تصویر کا ایسا اینی میٹڈ ورژن تیار کرسکتا ہے جس میں آپ خوش، اداس اور غصیلے یا اپنے من پسند انداز تاثرات سیٹ کرسکیں گے۔ فیس بک ایک عرصے سے تصاویر میں تاثرات ڈالنے پر غور کررہا ہے اور یہ ٹول اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

اس ٹول کی مدد سے تصاویر میں ایسی تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں جسے دیکھ کر اصل کا گمان ہوگا۔ جب اس فلٹر سے گزاری گئی تصاویر لوگوں کو دکھائی گئیں تو آدھے لوگ یہی سمجھے کہ تصاویر عین اسی کیفیت میں کھینچی گئی ہیں ناکہ ان پر تاثرات ڈالے گئے ہیں۔

اینی میشن بنانے کے لیے انجینیئروں نے کسی دوسرے مختلف شخص کی بیس وڈیو لی ہے۔ ضروری نہیں کہ اس شخص کی جنس بھی یہی ہو اوراس کی صورت پروفائل تصویر سے ملتی جلتی بھی ہو۔ ویڈیو سے چہرے کے تاثرات لے کر انہیں فیس بک تصویر پر لگا دیا جاتا ہے اور یوں تصویر پر اس ویڈیو کے احساسات نمایاں ہوجاتے ہیں۔

ساکت تصویر پر احساسات کو ڈالنا ہی کافی نہیں بلکہ مسکراتے وقت دانت دکھائی دینا بھی ضروری ہے۔ تاہم ضروری نہیں کہ لوگ تصویر میں دانتوں کو بھی اتنی اچھی طرح نوٹ کرتے ہوں اس لیے دوسرے شخص کےدانت اور ہنسی آپ کے چہرے پر جمادی جاتی ہے۔

ہیڈر کہتے ہیں کہ اس طرح لوگ دانتوں کو نہیں پہچان سکیں گے کہ یہ آپ کے دانت ہیں یا کسی اور کے۔ فیس بک احساسات والی تصویر کو کئی طرح سے پیش کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اگر کوئی آپ کی فیس بک پوسٹ لائک کرتا ہے تو فوراً آپ کے چہرے پر خوشی کے آثار آجائیں گے۔

وقت کے ساتھ ساتھ اس فیچر کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ مستقبل میں فیس بک اسے نیچرل لینگویج پروسیسنگ کے قابل بنائے گی اور لکھی یا کہی جانے والی باتوں پر آپ کی تصویر اس پر ردِ عمل ظاہر کرتی رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔