پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، اسموگ کم ہونا شروع

ویب ڈیسک  منگل 14 نومبر 2017
بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ فوٹو: فائل

بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا جبکہ دھند اور اسموگ چھٹنا شروع ہوگئی۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ ہی موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ بعض علاقوں میں تیز بارش اور کئی مقامات پر ہلکی بوندا باندی ہوئی جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا اور اسموگ کم ہونے لگی ہے۔

پنجاب بھر میں کئی روز سے دھند اور گرد و غبار کے بادل چھائے ہوئے تھے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا تھا اور معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے تھے۔ اسموگ ختم ہونے کے لیے شہری بے چینی سے بارش کا انتظار کررہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: علمائے کرام نے اسموگ کو آسمانی آفت قرار دے دیا

لاہور، جھنگ، چیچہ وطنی، پاکپتن، شیخوپورہ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، بھاولنگر، فاروق آباد میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوش گوار ہوگیا جب کہ دھند کی شدت میں کمی ہوگئی۔ ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بھکر میں دو گھنٹوں تک موسلادھاربارش سے موسم سرد ہوگیا۔

دوسری طرف خیبرپختون خوا کے علاقے بنوں میں میں بھی بوندا باندی ہوئی جب کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے شوال اور مکین میں تیز بارش اور برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا۔ ڈی آئی خان میں بھی رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے قفے سے جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔