قندیل بلوچ قتل کیس میں مفتی عبدالقوی کی ضمانت منظور

ویب ڈیسک  منگل 14 نومبر 2017
مفتی عبدالقوی کی ضمانت 2 لاکھ روپےکےمچلکوں کےعوض منظورکی گئی؛ فوٹوفائل

مفتی عبدالقوی کی ضمانت 2 لاکھ روپےکےمچلکوں کےعوض منظورکی گئی؛ فوٹوفائل

ملتان: ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں ملوث مفتی عبدالقوی کی ضمانت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کےعوض منظور کرلی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کےجج امیر محمد خان نے  قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران وکلا نے مفتی عبدالقوی کی ضمانت سے متعلق دلائل دئیے۔ جج امیر محمد خان نے دلائل سننے کے بعد مفتی قوی کی ضمانت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔ اس موقع پر قندیل بلوچ کے والد عظیم ماہڑہ بھی عدالت میں موجود تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: قندیل بلوچ جہاں قتل ہوئی وہ مفتی قوی کے دوست کا گھر تھا

عدالت کے باہر مفتی عبدالقوی کے وکیل اکبر بھٹہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی قوی کے روبکار (عدالتی احکامات) آج ہی جاری کردیے جائیں گے اور مفتی قوی آج ہی رہا ہوجائیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مفتی عبدالقوی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

واضح رہے کہ گزشتہ برس سوشل میڈیا پر متنازعہ ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنےوالی ماڈل قندیل بلوچ کو اس کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر گلا دبا کر قتل کردیا تھا۔ ملزم وسیم نے پولیس اور میڈیا کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا تھا۔ جب کہ مفتی قوی پر قندیل کے بھائی کو قتل کرنے کےلیے اکسانے کا الزام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔