اے سی سی انڈر 19 کرکٹ، پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 14 نومبر 2017
پاکستان ٹیم گروپ بی میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔فوٹو:سوشل میڈیا

پاکستان ٹیم گروپ بی میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔فوٹو:سوشل میڈیا

کوالالمپور: اے سی سی انڈر 19 کرکٹ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا ٹاکرا جمعرات کو بنگلہ دیش سے ہوگا،اس مرحلے کا دوسر امیچ افغانستان اور نیپال کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری ایونٹ میں پاکستان ٹیم گروپ بی میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، افغانستان نے بھی 2 فتوحات کے ساتھ اتنے ہی پوائنٹس حاصل کیے لیکن بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سرفہرست رہی، سری لنکن ٹیم نے بھی 4 پوائنٹس حاصل کیے لیکن رن ریٹ کم ہونے کی وجہ سے ٹاپ 2میں جگہ نہ بنا سکی، یو اے ای نے تینوں میچز میں شکستوں کا سامنا کیا۔ دوسری جانب بنگلہ دیش نے تینوں میچز جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے میں ٹاپ پر جگہ بنائی، نیپال کی ٹیم 4 پوائنٹس کےساتھ دوسرے نمبر پر رہی، حیران کن طور پر دفاعی چیمپئن بھارت کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی، 3 میچز میں سے ایک بار ہی کامیاب ہوئی، میزبان ملائیشیا کی ٹیم فتح کا ذائقہ ہی نہ چکھ پائی۔

آج کھیلے جانے والے میچز میں دفاعی چیمپئن بھارت کو بنگلہ دیش نے 8 وکٹ سے شکست دیدی، افغانستان نے یو اے ای کو 134 رنز سے ہرایا، نیپال نے 24 اوورز تک محدود کیے جانے والے میچ میں ملائیشیا کو 45 پر ڈھیر کر دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔