سلمان اور کرن جوہر نے مشکل میں سنجے لیلا کا ہاتھ تھام لیا

ویب ڈیسک  منگل 14 نومبر 2017
ناصرف  فلم اچھی ہے بلکہ فلم کی ہیروئن بھی خوبصورت ہے، سلمان خان۔ فوٹو:فائل

ناصرف فلم اچھی ہے بلکہ فلم کی ہیروئن بھی خوبصورت ہے، سلمان خان۔ فوٹو:فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے فلم اسٹار سلمان خان ،جیکولین فرننڈس اور ہدایت کار کرن جوہر بھی فلم ’پدماوتی‘ کی حمایت میں میدان میں آگئے۔

’پدماوتی‘ اپنی  کہانی کی وجہ سے ابتدا سے ہی تنازعات کا شکار رہی ہے جس وجہ سے فلم کو مکمل کرنے میں کئی مشکلات آئیں،  خواہ وہ شوٹنگ کے دوران سیٹ کو آگ لگانے کا واقعہ ہو یا احتجاجی مظاہرے، لیکن اس کے باوجود پدماوتی یکم دسمبر کو ریلیز ہورہی ہے اور کئی اہم ترین فلمی شخصیات اس کے حق میں میدان میں اُتر آئی ہیں۔

سلمان خان نے فلم کی حمایت میں کہا ہے کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ سنسر بورڈ کو اس معاملے پر نظر ثانی کرنا چاہئے کیوں کہ ناصرف  فلم اچھی ہے بلکہ فلم کی ہیروئن بھی خوبصورت ہے‘۔

جیکولین فرننڈس نے کہا ہے کہ ’فلم آرٹ کی ایک شکل ہے، ہر کسی کو جب کہنے کی آزادی ہے تو ہر کسی کو کچھ بھی بنانے کا بھی پورا حق ہے اگر فلم سے کسی کو کوئی پریشانی ہے تو وہ نہ دیکھے‘۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ’’پدماوتی‘‘ کے ہدایتکار کے پتلے نذر آتش

مشہور ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر کا کہنا ہے کہ اکثر ہدایت کاروں کو فلم کی ریلیز سے قبل اس طرح کی متنازع باتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور میرے ساتھ بھی کئی بار ایسا ہوا ہے۔ سنجے لیلا بھنسالی انڈسٹری کے تجربے کار ہدایت کار ہیں اور انہوں نے پدماوتی کو بہت اچھے طریقے سے فلمایا ہے۔ مجھے امید ہے وہ لوگ سنجے کو  تحفظ فراہم کریں گے جو تخلیقی عمل کو فن کی قسم سمجھتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے فلم ’پدماوتی‘ میں حقائق کو مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جس پر ہدایت کار نے فلم کے کچھ سین خود ہی کاٹ دیئے ہیں جب کہ فلم یکم دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔