انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو بنگلادیشی چیلنج درپیش

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 15 نومبر 2017
ٹائیگرز نے 8وکٹ کی فتح کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھارت کوایونٹ سے باہر کردیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ٹائیگرز نے 8وکٹ کی فتح کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھارت کوایونٹ سے باہر کردیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کوالالمپور:  اے سی سی انڈر 19 کپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو بنگلادیش کا چیلنج درپیش ہوگا۔

کوالالمپور میں جاری ایونٹ میں منگل کو لیگ مرحلے کے اختتامی روز بقا کیلیے دفاعی چیمپئن بھارت کو بنگلادیش کیخلاف لازمی فتح درکار تھی لیکن اسے8 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،گروپ ’’اے‘‘ کا یہ مقابلہ بارش کی وجہ سے 32 اوورز فی اننگز تک محدود ہوا، بلو شرٹس نے 8 وکٹ پر 187 رنز بنائے، سلمان خان 39ناٹ آؤٹ اور انوج راوت 34 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔ ربیع الحق نے 3 جبکہ نعیم حسن اور عفیف حسین نے 2، 2 وکٹیں لیں، بنگلادیش نے ہدف 28 اوورز میں2 وکٹ پر حاصل کر لیا، پناک گھوش 81اور توحید ہری دوئے 48 پر ناقابل شکست رہے۔

گروپ ’’اے‘‘ میں ہی نیپال نے بارش کی وجہ سے 24 اوورز فی اننگز تک محدود کیے جانے والے میچ میں ملائیشیا کو 45رنز پر ڈھیر کر دیا، سندیپ نے 5 وکٹیں لیں، فاتح ٹیم نے ہدف چھٹے اوور میں پوراکر لیا، پول پوزیشن کے مطابق بنگلادیش نے تینوں میچز جیت کر 6 پوائنٹس کیساتھ گروپ اے میں ٹاپ پر جگہ بنائی، نیپال کی ٹیم 4 پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر رہی، حیران کن طور پر دفاعی چیمپئن بھارت کی ٹیم 3 میچز میں ایک بار ہی کامیاب ہوئی، میزبان ملائیشیا کی ٹیم فتح کا ذائقہ ہی نہ چکھ پائی۔

گزشتہ روز گروپ ’’بی‘‘ کا واحد میچ بھی بارش کے باعث 20اوورز فی اننگز کردیا گیا، افغانستان نے یو اے ای کو 134 رنز سے ہرایا، فاتح ٹیم نے صرف 3وکٹ پر224 رنز بنائے، درویش رسول نے ناقابل شکست سنچری اور رحمان اللہ نے ففٹی بنائی، یو اے ای کی ٹیم صرف 90 رنز پر ڈھیر ہو گئی، مجیب، نوین الحق، وفادار اور طارق ستنکزئی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔