شاہ رخ خان غریب بچوں کے مسیحا بن گئے

ویب ڈیسک  بدھ 15 نومبر 2017
شاہ رخ خان خواتین کی بہت عزت کرتے ہیں اور بچوں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں؛ فوٹوفائل

شاہ رخ خان خواتین کی بہت عزت کرتے ہیں اور بچوں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں؛ فوٹوفائل

ممبئی: سپراسٹار شاہ رخ خان صرف بالی ووڈ کے نہیں بلکہ دلوں کے بھی بادشاہ ہیں اور فلموں کے علاوہ لوگوں کے دلوں پر حکمرانی کرنا بھی خوب جانتے ہیں۔

کروڑوں دلوں کی دھڑکن اوربھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان کہنے کو تو شوبز انڈسٹری پر راج کرتے ہیں لیکن ان کا دل بالکل بچوں کی طرح نرم ہے جو صرف دوسروں کی مدد کرنا جانتا ہے۔ شاہ رخ خان اپنے آس پاس موجود لوگوں خاص طورپرخواتین کی بہت عزت کرتے ہیں اور بچوں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں جب کہ بچے بھی کنگ خان کو بے حد پسند کرتے ہیں یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ شاہ رخ خان کے پرستاروں میں خواتین اور بچوں کی تعداد مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شاہ رخ خان نے کینسرکی مریضہ سے ملنے کا وعدہ کرکے دل جیت لیے

گزشتہ روز بچوں کے عالمی دن کے موقع پر جہاں بالی ووڈ کے دیگر اداکاروں نے اپنے اپنے بچپن کی یادگارتصاویر شیئر کرکے سوشل میڈیا پرتمام لوگوں کو اس دن کی مبارکباد دی وہیں شاہ رخ خان نے یہ دن بالکل منفرد انداز میں غریب بچوں کے ساتھ منایا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے گزشتہ روز100 غریب بچوں کو اپنی فلم کے سیٹ پر مدعو کیا اور پورا دن ان کے ساتھ گزارا، اپنے سامنے بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کو دیکھ کر بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔

انہوں نے بھی کنگ خان کے ساتھ مل کر خوب ہلاگلا کیا اور اس دن کو یاد گار بنایا۔ شاہ رخ خان نے بچوں کے ساتھ کیک بھی کاٹا جب کہ بچوں کو کنگ خان کی فلم دیکھنے کا موقع بھی ملا۔

شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر بچوں کے ساتھ گزارے گئے یاد گار لمحوں کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں اور ساتھ میں پیغام درج کیا کہ اسپارک اینڈ چینج فاؤنڈیشن کے 100 پیارے بچے آج ہماری فلم کے سیٹ پرمدعو تھے ہم نے خوب مزہ کیا یہ میرا اب تک کا سب سے یادگار(بچوں کا عالمی دن) ہے۔

شاہ رخ خان نے بچوں کے ساتھ ڈانس بھی کیا اس موقع پربچے بے انتہا خوش نظرآئے۔ شاہ رخ خان نے لکھا کہ بچوں کے ساتھ وقت گزار کےانہیں اپنا بچپن یاد آگیا اور ان بچوں نے مجھے ڈانس کرنا بھی سیکھایا۔

کنگ خان نے ایک اور تصویر شیئر کی جس میں ان کے چہرے پر کیک نظر آرہاتھا تاہم شاہ رخ خان بہت خوش نظرآئے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان ان دنوں ہدایت کار آنند لال رائے کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ فلم میں کنگ خان ایک پستہ قد آدمی کا کردار نبھارہے ہیں جب کہ ان کے ساتھ اداکارہ کترینہ کیف اورانوشکا شرما مرکزی کرداروں میں نظرآئیں گی۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔