دنیا کی پہلی باحجاب ایتھلیٹ گڑیا متعارف کروادی گئی

ویب ڈیسک  بدھ 15 نومبر 2017
 ایسا لگتا ہے جیسے یہ میرے بچپن کے خواب کی تعبیر ہو، ابتہاج محمد ؛ فوٹوفائل

ایسا لگتا ہے جیسے یہ میرے بچپن کے خواب کی تعبیر ہو، ابتہاج محمد ؛ فوٹوفائل

نیوجرسی: امریکی اولمپک فینسنگ کھلاڑی ابتہاج محمد کے اعزاز میں دنیا کی پہلی حجاب پوش ایتھلیٹ باربی گڑیا متعارف کروادی گئی۔

یہ گڑیا دنیا بھر میں معروف باربی سیریز کی پہلی حجابی گڑیا ہے جس کی شکل امریکی فنسرابتہاج محمد سے ملتی ہے۔ ابتہاج  نیو جرسی سے تعلق رکھنے والی پہلی امریکی اولمپک کھلاڑی ہیں جنہوں نے حجاب پہن کر کھیلوں میں شرکت کی اور گزشتہ سال ریو میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

ابتہاج محمد نے اپنے اعزاز میں باربی گڑیا بنائے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ ایسا لگتا ہے جیسے یہ ان کے بچپن کے خواب کی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہاجب میں ایک مسلمان لڑکی کے طور پر فنسنگ کے کھیل میں اپنے سفر کے بارے میں سوچتی ہوں تو وہ تمام لوگ میری نظروں کے سامنے گھوم جاتے ہیں  جنہوں نے مجھ پر اعتماد نہیں کیا تھا یہ باربی ان کے لیے ہے۔

ابتہاج نے اپنے بچپن کی یادیں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بچپن میں وہ اپنی باربی گڑیا کو ٹشو پیپر کا حجاب پہناتی تھیں تاکہ وہ ان کی اور ان کی بہنوں کی طرح دکھائی دے۔ آج مجھے فخر ہے کہ وہ تمام چھوٹی بچیاں جو حجاب پہنتی ہیں اور جو نہیں پہنتیں ایک ایسی گڑیا کے ساتھ کھیل سکتی ہیں جو حجاب پہنتی ہے۔ یہ ایک ایسی باربی ہے جو اتنی طاقت ور ہے کہ ایک تلواراٹھاسکتی ہے اوراتنی مستقل مزاج ہے کہ کئی سالوں کی محنت سے اولمپک  کےمقابلوں تک پہنچ سکتی ہے۔

باربی گڑیا بنانے والی کمپنی ماٹل کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ سال میں ان خواتین کے عکس پر گڑیا بنائیں گے جنہوں نے ایسے کارنامے انجام دئیے ہیں جو دنیا بھر کے لوگوں کے لیے متاثر کن ہیں۔ واضح رہے کہ  حجاب پوش باربی گڑیا کو گلیمر جریدے کے ’’ویمن آف دی ژئیر اجلاس‘‘میں پہلی بار متعارف کروایاگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔